ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے خواہشمند شہریوں کیلئے بڑی خوشخبری

سچ ٹی وی  |  Apr 30, 2025

لاہور میں شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے چوکوں اور چوراہوں پر ڈرائیونگ لائسنس بنانے کی جدید سہولت متعارف کرادی گئی۔

چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور ڈاکٹر اطہر وحید کے مطابق لاہور ٹریفک پولیس نے جدید ممالک کے طرز پر ٹریفک کیاسک کا آغاز کر دیا ہے۔

ابتدائی طور پر افشاں چوک مال روڈ پر جدید ٹیکنالوجی سے مزین کیبن نصب کیا گیا ہے جہاں شہری موٹر سائیکل کے لائسنس بنوانے اور ڈرائیونگ لائسنس وصول کرنے کی سہولیات سے مستفید ہو سکیں گے۔

ڈاکٹر اطہر وحید کا کہنا تھا کہ ٹریفک کے متعلقہ تمام سہولیات اس کیاسک کے ذریعے فراہم کی جائیں گی، جبکہ چوک چوراہوں پر براہ راست لائسنس بنانے کی سہولت بھی مہیا کی جا رہی ہے۔

سی ٹی او کے مطابق ٹریفک کنٹرول کے لیے کیاسک میں لاوڈ اسپیکر سسٹم بھی نصب کیا گیا ہے۔ ٹریفک وارڈنز یہاں 24 گھنٹے ڈیوٹی انجام دیں گے اور ان کے لیے ٹھنڈے پانی، اے سی، آرام کرنے کی جگہ اور شدید موسم سے بچاؤ کی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔

ڈاکٹر اطہر وحید نے بتایا کہ افشاں چوک کے بعد مال روڈ، گلبرگ، اقبال ٹاؤن سمیت دیگر علاقوں میں بھی مرحلہ وار ٹریفک کیاسک متعارف کروائے جائیں گے۔ یہ منصوبہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر عمل میں لایا جا رہا ہے، جس کی نگرانی ایس پی ہیڈ کوارٹر منصور الحسن کر رہے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More