بھارت کی جانب سے اگلے 24 سے 36 گھنٹوں میں پاکستان کے خلاف کسی ممکنہ کارروائی کا خدشہ ہے: عطا تارڑ

سچ ٹی وی  |  Apr 30, 2025

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ مستند اطلاعات ہیں کہ بھارت اگلے 24 سے 36 گھنٹے میں پاکستان کیخلاف فوجی کارروائی کا ارادہ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت فوجی کارروائی کیلئے پہلگام واقعے سے جڑے بےبنیاد اور خودساختہ الزامات کو بنیاد بنائےگا، پاکستان کی جانب سے کسی بھی قسم کی بھارتی فوجی مہم جوئی کا یقینی اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

اپنے ایک بیان میں عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ پاکستانی قوم اپنی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرے گی، جنگ سے تباہ کن نتائج کی ذمہ داری صرف اور صرف بھارت پر عائد ہوگی۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارت کو پہلگام واقعے کی سچائی کا پتہ لگانے اور محرکات جاننےکیلئے کھلے دل سے آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات سے فرار ہونا بذات خود بھارت کے اصل مقاصدکو بےنقاب کرتا ہے، پاکستان خود گزشتہ دو دہائیوں سے دہشت گردی کا شکار رہا ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان دنیا میں کسی بھی شکل میں دہشت گردی کی سخت مذمت کرتا ہے، پاکستان بھارت کا اپنے طور پر مدعی، منصف اور جلادکا کردار سختی سے مسترد کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کا سیاسی مقاصدکیلئے عوامی جذبات کو بھڑکانا افسوس ناک ہے، بھارت نے خود تصادم کے راستے پر چلنے کا انتخاب کیا جو خطے اور دنیا کیلئے تباہ کن نتائج کا باعث ہوگا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More