بھارت نیوٹرل انکوائری سے بھاگ رہا ہے، بلاول بھٹوزرداری

سچ ٹی وی  |  Apr 29, 2025

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں یا باہر کسی بھی کونے میں دہشت گردی کا واقعہ ہو تو بھارت فوراً پاکستان پر الزام لگانا شروع کر دیتا ہے، بھارت نے بار بار ثابت کیا ہے کہ وہ غیر ذمہ دار ریاست ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جنگ کے نتائج ہولناک ہوتے ہیں تیاریاں مکمل ہیں، انہوں نے ایک خطرناک محاذ کھول دیا ہے، آگے کیا ہوگا کچھ نہیں کہہ سکتا۔ ایک فیصلہ کرنا ہے کہ ایک دوسرے پر الزام تراشی جاری رکھنی ہے یا مل بیٹھ کر فیصلہ کرنا ہے کہ خطے کو اس ایشو سے آزاد کروانا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت کو نیوٹرل انکوائری کا چیلنج دینا حکومت کا بہترین فیصلہ ہے۔ آئیں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے، بھارت انٹرنیشنل انکوائری سے بھاگ رہا ہے، ہم بار بار یہ دعوت دے رہے ہیں کہ سفارت کاری سے ہی مسئلے کو حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کی انٹیلیجنس ایجنسیاں مل کر کام کریں اور اس طرح کے واقعات کے سہولت کاروں کو پکڑیں۔ بھارت کی نہ بات کرنے میں سنجیدگی ہے اور نہ ہی ساتھ دینے میں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ مودی کا بھارت انتہا پسند بنتا جا رہا ہے، اس کے اثرات پاکستان اور خطے پر پڑ رہے ہیں، کسی بھی جنگ میں ایسا اقدام نہیں کیا گیا، لیکن بھارت نے وہ کر دیا، اس اقدام کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ مزید کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدہ دنیا میں مثال کے طور پر پیش کیا جاتا ہے، بھارت انٹرنیشنل لاء کو نہیں مانتا، اقوامِ متحدہ بھارت کی مرضی نہ مانے۔ پاکستان پر جو الزامات لگائے جاتے ہیں، اسے دنیا نہیں مانتی۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان کے امریکا کے ساتھ پرانے تعلقات ہیں، لیکن ہم اپنے ہمسائے تبدیل نہیں کر سکتے۔ جیو پالیٹکس میں سپر پاورز کا جھگڑا آہستہ آہستہ بڑھتا جا رہا ہے، دنیا کو نظر آ رہا ہے کہ بھارت خوشی سے اس میں حصہ بھی لے رہا ہے اور فائدہ بھی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس خطے میں ہی رہنا ہے، ایک دوسرے کے ساتھ رہنا ہے، ہمیں چاہیے کہ ہم استعمال نہ ہوں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More