غزہ جنگ پر احتجاج، کے ایف سی کے آؤٹ لیٹس پر حملہ کرنے والے 170 سے زائد افراد گرفتار

اردو نیوز  |  Apr 18, 2025

پاکستان میں حالیہ چند ہفتوں میں غزہ کے معاملے پر امریکہ اور اور اس کے اتحادی اسرائیل کے خلاف احتجاج میں امریکی فوڈ چین کے ایف سی پر 10 سے زائد حملے کیے گئے۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پولیس نے تصدیق کی ہے کہ کراچی، اسلام آباد اور لاہور سمیت بڑے شہروں میں کے ایف سی کے آؤٹ لیٹس پر کم از کم 11 حملے کیے گئے جس کے بعد 178 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

پولیس نے کہا کہ لاہور کے مضافات میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کے ایف سی کا ایک ملازم ہلاک ہوا۔ اس وقت کوئی احتجاج نہیں ہو رہا تھا اور قتل کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

پولیس کے مطابق لاہور میں دو حملوں کے بعد کے ایف سی کے 27 آؤٹ لیٹس پر سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

لاہور پولیس کے سینیئر افسر فیصل کامران نے کہا کہ ’حملوں میں ملوث مختلف افراد اور گروہوں کے بارے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے ایک کارکن سمیت 11 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔‘

ان کے مطابق یہ مظاہرے ٹی ایل پی نے آرگنائز نہیں کیے تھے۔

ٹی ایل پی کے ترجمان ریحان محسن نے کہا کہ ’مسلمانوں کو اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کا کہا گیا ہے لیکن کے ایف سی کے باہر احتجاج کی کال نہیں دی گئی۔‘

کے ایف سی کو امریکی علامت سجھا جاتا ہے اور حالیہ دہائیوں میں اسے احتجاج اور حملوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

غزہ میں اسرائیل کی جارحیت کے باعث پاکستان اور دیگر مسلمان ممالک میں مغربی اشیا کا بائیکاٹ اور احتجاج کیا گیا ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More