مٹھائی نے 3 ماؤں کی گود اجاڑ دی۔۔ معصوم بچوں کو زہریلی مٹھائی کس نے کھلائی؟ افسوس ناک حقائق

ہماری ویب  |  Apr 15, 2025

محلہ قلعہ صاحب سنگھ، حافظ آباد میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں کھیلتے ہوئے معصوم بچوں کی خوشی چند لمحوں میں قیامت میں بدل گئی۔ اطلاعات کے مطابق، ایک نامعلوم شخص گاڑی میں آیا اور گلی میں موجود بچوں کو مٹھائی دے کر چلا گیا۔ وہ مٹھائی، جو شاید بچوں کے لیے مسکراہٹ بننی تھی، ان کے لیے زندگی کا آخری ذائقہ ثابت ہوئی۔

چند منٹ بعد بچوں کی طبیعت اچانک بگڑ گئی، اور انہیں فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا۔ افسوسناک طور پر، تین ننھے بچے جانبر نہ ہو سکے جبکہ دیگر چھ کمسن زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔ ان بچوں کی عمریں صرف 3 سے 6 سال کے درمیان تھیں۔

واقعے کے بعد پورے علاقے میں خوف اور غم کی فضا چھا گئی۔ اہلِ محلہ کی بڑی تعداد اسپتال اور جائے وقوعہ پر جمع ہو گئی، جبکہ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ اب تک ملزم کا کوئی سراغ نہیں مل سکا، مگر تفتیش جاری ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔

ضلعی انتظامیہ نے والدین کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے بچوں پر نظر رکھیں اور کسی بھی اجنبی یا مشکوک فرد کی موجودگی فوراً پولیس کو رپورٹ کریں۔ یہ واقعہ نہ صرف حافظ آباد بلکہ پورے ملک کے لیے ایک الارم ہے کہ بچوں کو بچانے کے لیے ہمیں مزید چوکنا ہونے کی ضرورت ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More