عمران خان سے کون ملے گا کون نہیں؟ ناموں کا تعین پی ٹی آئی کی کمیٹی کرے گی

اردو نیوز  |  Apr 13, 2025

پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان سے جیل میں ملاقات کرنے والوں کے ناموں کے تعیّن کے لیے کمیٹی بنانے کا فیصلہ ہے، جبکہ خیبر پختونخوا کے حکومتی عہدیدار اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔

 یہ فیصلہ اتوار کو اسلام آباد میں تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ کمیٹی کی جانب سے دیے گئے ناموں کے علاوہ کوئی بھی بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات نہیں کر سکے گا۔

پانچ ارکان پر مشتمل کمیٹی ہر منگل اور جمعرات کو عمران خان سے ملاقات کرنے والوں کے ناموں کی فہرست مرتب کرے گی۔

اعلامیے کے مطابق ’جہاں تک ہو سکا ممکن بنایا جائے گا کہ عمران خان سے ملاقات میں اگلی میٹنگ کی فہرست کی منظوری لی جائے گی۔‘

 بیان میں کہا گیا ہے کہ فہرست بانی کے نامزد کردہ تین فوکل پرسنز جن میں گوہر علی خان، سلمان اکرم راجہ اور انتظار پنجوتھا شامل ہیں، میں سے کسی ایک کے ذریعے جیل حکام کو ارسال کی جائے گی۔

اعلامیے میں اس طریقے کو ’چیئرمین کی ہدایت اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق‘ قرار دیا گیا ہے۔

یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ فہرست کے علاوہ کوئی بھی فرد بانی سے ملاقات نہیں کرے گا اور ایسا کرنے والا پارٹی ڈسپن اور قاعدے کا منحرف تصور ہو گا۔

دیے گئے ناموں میں سے کسی بھی فرد کو انتظامیہ کی جانب سے روکے جانے کی صورت میں باقی افراد بانی سے ملاقات کریں گے اور جیل حکام کے خلاف فوری طور پر توہین عدالت کی پٹیشن دائر کی جائے گی۔

بیان کے مطابق خیبر پختونخوا کے حکومتی عہدیداروں کو اس حوالے سے استثنیٰ حاصل ہو گا وہ کسی بھی روز یا وقت بانی چیئرمین سے ملاقات کے لیے آزاد ہوں گے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More