بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے کردار ادا کروں گا: نواز شریف کی عبدالمالک بلوچ کو یقین دہانی

اردو نیوز  |  Apr 09, 2025

نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اور سابق وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بدھ کو وفد کے ہمراہ مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف سے رائے ونڈ میں ملاقات کی۔نیشنل پارٹی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق نواز شریف سے ملاقات کے بعد ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ ’بلوچستان  کا مسئلہ سیاسی ہے جس کا حل سیاسی مذاکرات میں ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’میاں نواز شریف پاکستان کے سینیئر ترین سیاست دان ہیں جنہوں نے بلوچستان کی موجودہ صورت حال میں اپنا کردار ادا کرنے کی ہامی بھری ہے۔‘ نیشنل پارٹی کے مطابق ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی قیادت میں نواز شریف سے ملاقات کرنے والے وفد میں مرکزی نائب صدر سردار کمال خان بنگلزئی، سینیٹر جان محمد بلیدی، میر محمد اسلم بلوچ، میر شاوس بزنجو، رکن قومی اسمبلی پھلین بلوچ اور ایوب ملک شامل تھے۔مسلم لیگ ن کے وفد میں میاں نواز شریف کے علاوہ ایاز صادق، خواجہ آصف، احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، رانا ثنا اللہ، اویس لغاری، پرویز رشید اور خواجہ سعد رفیق شامل تھے۔ملاقات میں بلوچستان کی صورت حال، سیاسی و معاشی عدم استحکام سمیت دیگر اہم قومی و سیاسی نوعیت کے مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے میاں نواز شریف کو بلوچستان کے مسائل کے حوالے سے مختلف تجاویز دیں۔سابق وزیراعلٰی بلوچستان نے مسلم لیگ ن کے صدر کو ڈکٹر ماہ رنگ بلوچ سمیت صوبے میں دیگر سیاسی کارکنوں کی گرفتاری اور بی این پی مینگل کے لانگ مارچ سے پیدا ہونے والے ڈیڈلاک کے حوالے سے آگاہ کیا۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے ملاقات میں میاں نواز شریف سے درخواست کی کہ وہ بلوچستان کے مسائل حل کرنے کے لیے اپنا سیاسی و جمہوری کردار ادا کریں۔ نواز شریف نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے کردار ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کی اور وزیراعظم اور دیگر حکام سے مشاورت سے اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔دونوں رہنماؤں نے بلوچستان کے مسائل کو لمحہ فکریہ قرار دیتے ہوئے ان کے فوری حل پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں بلوچستان کے نوجوانوں کے مسائل، طلبہ کے لیے وظائف، سرحد پر ہونے والی تجارت کو قانونی شکل دینے اور ماہی گیری کے فروغ اور غیر قانونی شکار پر پابندی لگانے پر زور دیا۔ میاں نواز شریف نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانے کا بھی اہتمام کیا۔ 

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More