15 سال بعد پاکستان میں عالمی انڈرگریجویٹ ایکسچینج پروگرام اختتام پذیر

اردو نیوز  |  Apr 08, 2025

امریکی ایجوکیشنل فاؤنڈیشن نے پاکستان میں گلوبل انڈرگریجویٹ ایکسچینج پروگرام (Global UGRAD) کا اختتام کر دیا ہے۔ 

منگل کو ’یوایس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن اِن پاکستان‘ نے اس پروگرام کے اختتام کے بارے میں فیس بک پوسٹ کے ذریعے  باضابطہ اعلان کیا۔

اعلان میں کہا گیا ’ہمیں یہ اطلاع دیتے ہوئے افسوس ہو رہا ہے کہ 15 شاندار برسوں کے بعد گلوبل انڈرگریجویٹ ایکسچینج پروگرام پاکستان میں اب اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے امریکی ایجوکیشنل فاؤنڈیشن کو آگاہ کیا ہے کہ اب یہ پروگرام مزید آفر نہیں کیا جائے گا۔‘

’ہمیں اندازہ ہے کہ یہ خبر خاص طور پر ان افراد کے لیے مایوس کن ہو سکتی ہے جنہوں نے اس سال درخواست دی تھی اور اس موقع کے منتظر تھے۔ ان سالوں میں گلوبل یو گریڈ پروگرام نے ہزاروں طلبہ کو زندگی بدل دینے والے تجربات فراہم کیے جن سے انہیں تعلیمی ترقی، ثقافتی تبادلہ اور لیڈرشپ کی تربیت ملی۔‘

پوسٹ میں مزید کہا گیا ’ہم ان تمام طلبہ پر فخر محسوس کرتے ہیں جنہوں نے اس پروگرام سے فائدہ اٹھایا اور اپنی کمیونٹیز میں مثبت تبدیلی کا باعث بنے۔ ہم آپ کی دلچسپی اور ذاتی و تعلیمی ترقی کے جذبے کی قدر کرتے ہیں۔‘

’اگرچہ یہ باب اختتام کو پہنچ رہا ہے، مگر ہم آپ کو حوصلہ دیتے ہیں کہ دیگر تعلیمی اور ایکسچینج مواقع تلاش کریں جو آپ کے خوابوں سے ہم آہنگ ہوں۔ ہم آپ کے تعلیمی اور پیشہ ورانہ سفر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔‘

واضح رہے گلوبل انڈر گریجویٹ پروگرام ان چند مواقع میں سے ایک تھا جس نے پاکستانی نوجوانوں کو امریکہ کی درسگاہوں میں تعلیم حاصل کرنے، دنیا بھر کے لوگوں سے میل جول بڑھانے اور اپنی شخصیت کو نکھارنے کا موقع فراہم کیا۔ اس کے ذریعے کئی نوجوانوں نے نہ صرف عالمی سطح پر اپنی شناخت بنائی بلکہ پاکستان کا مثبت چہرہ بھی دنیا کے سامنے پیش کیا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More