انڈین پولیس کی ’انسٹا کوئین‘ جنھیں منشیات کی سمگلنگ کے الزام میں گرفتار کیا گیا

بی بی سی اردو  |  Apr 06, 2025

انڈیا میں پنجاب پولیس کی کانسٹیبل امندیپ کور کو مبینہ طور پر ’ہیروئن‘ سمگل کرنے کی کوشش کے دوران گرفتار کیا گیا جس کے بعد سے یہ معاملہ زیرِ بحث ہے۔

گذشتہ بدھ امندیپ کور کو بھٹنڈہ ضلع پولیس اور انسداد منشیات ٹاسک فورس کی مشترکہ کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔

ان خاتون پولیس افسر کے توجہ کا مرکز بننے کی ایک وجہ اُن کی سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی وہ ’ریلز‘ یا ویڈیوز ہیں جن میں وہ خود موجود ہوتی ہیں۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس (ہیڈ کوارٹر) سکھ چین سنگھ گل نے صحافیوں کو بتایا کہ امندیپ کور کو 17.71 گرام ہیروئن کے ساتھ گرفتار کیا گیا ہے۔

جب بھٹنڈہ کے ڈی ایس پی (سٹی) ہربنس سنگھ دھالیوال سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے بتایا کہ ان خاتون پولیس افسر کو بھٹنڈہ شہر میں اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ ایک ایس یو وی میں منشیات لے کر جا رہی تھی۔

ان خاتون پولیس افسر کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

امندیپ کور کون ہے؟

امندیپ کور ضلع بھٹنڈہ کے تحت گاؤں چک فتح سنگھ والا کی رہائشی ہے۔

آئی جی سکھ چین سنگھ کے مطابق امندیپ کور اس وقت مانسا ضلع میں کانسٹیبل کے طور پر تعینات تھیں۔

انھوں نے کہا کہ ’امندیپ کور کو کچھ دن پہلے مانسا سے بٹھنڈہ پولیس لائنز میں عارضی طور پر منتقل کیا گیا تھا۔‘

تاہم اب امندیپ کور کو پنجاب کے ڈی جی پی گورو یادو کے حکم پر آرٹیکل 311 کے تحت پولیس سروس سے برطرف کر دیا گیا ہے۔

آئی جی نے کہا کہ برطرفی کے حکم نامے پر فوری عمل درآمد کرنے کا کہا گیا ہے۔

’سپیشل‘ پستول اور گولیوں پر خفیہ پیغام: وہ ہائی پروفائل قتل، جس کے ملزم کو میکڈونلڈ سے گرفتار کیا گیاشادی شدہ مرد کا افیئر، بیوی کے قتل کا منصوبہ اور وہ گواہ جو ’40 سال سے پولیس کا انتظار کر رہی تھیں‘’پیسے واپس کرو یا مجھ سے شادی کرو‘: وہ افیئر جو لین دین کے تنازعے کے بعد قتل پر ختم ہواٹک ٹاک پر ’قابل اعتراض ویڈیوز‘ بنانے پر 14 سالہ لڑکی قتل: ’حرا نے ابو ابو کی آوازیں لگائیں‘کانسٹیبل سوشل میڈیا پر سرگرم تھیں

وہ پنجاب پولیس اور عام لوگوں میں ’انسٹا کوئین‘ کے طور پر مقبول تھیں۔ وہ پنجاب پولیس کی وردی پہن کر سوشل میڈیا پر تقریباً ہر روز پنجابی گانوں کی ریلز پوسٹ کرتی تھیں۔

امندیپ کور نے حال ہی میں اپنی کار کے بونٹ پر کیک کاٹ کر اپنی سالگرہ منائی اور اس کی ایک ریل سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی۔

ان کی گرفتاری کے بعد انسٹاگرام پر امندیپ کے فالوورز کی تعداد ایک دن میں تقریباً 15000 تک بڑھ گئی۔

پولیس کے مطابق امندیپ کور شادی شدہ ہیں اور کچھ عرصے سے اپنے شوہر سے الگ رہ رہی تھیں۔

حالیہ دنوں میں امندیپ کور پولیس کی وردی میں ویڈیو بنانے پر تنازعات میں گھری ہوئی ہیں۔

امندیپ سے پہلے بھی منشیات کے معاملات میں پوچھ گچھ کی گئی تھی۔ لیکن ٹھوس ثبوت نہ ہونے کی وجہ سے پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔

جمعہ کو امندیپ کور کا بھی سول ہسپتال میں بھٹنڈہ پولیس نے ڈوپ ٹیسٹ کروایا جس کی رپورٹ منفی آئی۔

ان خاتون ملازم کا نام اس وقت بھی سرخیوں میں آیا جب سنہ 2022 میں انھوں نے ایس ایس پی آفس بھٹنڈہ کے سامنے کوئی زہریلی چیز نگلنے کی کوشش کی۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ امندیپ کور کی جانب سے سول ہسپتال بھٹنڈہ کے ڈاکٹروں کے ساتھ مبینہ طور پر بدسلوکی کے بعد انھوں نے سنہ 2022 میں بھوک ہڑتال پر جانے کی دھمکی دی تھی۔

پنجاب پولیس کے ریکارڈ کے مطابق اس وقت بھی سول ہسپتال کے ایک ڈاکٹر کے بیان کی بنیاد پر امندیپ کور کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

’مجھے جھوٹے مقدمے میں پھنسایا جا رہا ہے‘

امندیپ کور کو جمعہ کو پنجاب پولیس نے بھٹنڈہ کی مقامی عدالت میں پیش کیا تھا۔

ڈی ایس پی ہربنس سنگھ دھالیوال نے بتایا کہ عدالت نے امندیپ کور کو ایک دن کے پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا ہے۔

عدالت میں پیشی کے دوران امندیپ کور نے اونچی آواز میں بات کی اور کہا کہ انھیں جھوٹے اور بے بنیاد الزامات میں پھنسایا جا رہا ہے۔

آئی جی سکھچین سنگھ نے کہا کہ امندیپ کور کی گرفتاری کے بعد پورے معاملے کی سنجیدگی سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ’پولیس امندیپ کور کی جائیداد کی بھی چھان بین کر رہی ہے۔ جہاں بھی جائیداد کے غیر قانونی حصول کا کوئی معاملہ سامنے آئے گا سخت کارروائی کی جائے گی۔‘

کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے کا معمہ: برقعہ پوش ’ڈاکو‘ اور بچوں کو ٹیوشن دینے والی ’سہولت کار‘ٹک ٹاک پر ’قابل اعتراض ویڈیوز‘ بنانے پر 14 سالہ لڑکی قتل: ’حرا نے ابو ابو کی آوازیں لگائیں‘’پیسے واپس کرو یا مجھ سے شادی کرو‘: وہ افیئر جو لین دین کے تنازعے کے بعد قتل پر ختم ہواشادی شدہ مرد کا افیئر، بیوی کے قتل کا منصوبہ اور وہ گواہ جو ’40 سال سے پولیس کا انتظار کر رہی تھیں‘’سپیشل‘ پستول اور گولیوں پر خفیہ پیغام: وہ ہائی پروفائل قتل، جس کے ملزم کو میکڈونلڈ سے گرفتار کیا گیا
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More