پاکستان کا دہشتگرد گروہوں کے زیر قبضہ ہتھیاروں کیخلاف عالمی اقدام کا مطالبہ

سچ ٹی وی  |  Apr 05, 2025

پاکستان نے مہلک غیر قانونی ہتھیاروں کے حصول اور استعمال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گرد گروہوں کے زیر قبضہ غیر قانونی ہتھیاروں کے خلاف عالمی اقدام کا مطالبہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے آریا فارمولا اجلاس سے خطاب میں پاکستانی مشن کے قونصلر عاطف رضا نے کہا کہ دہشت گرد گروہوں کے پاس افغانستان میں چھوڑے گئے اربوں ڈالر مالیت کے ہتھیار ہیں۔

پاکستانی مشن کے قونصلر عاطف رضا نے کہا امریکی انخلا کے وقت افغانستان میں چھوڑے گئے مہلک ہتھیار پاکستان کے شہریوں اور مسلح افواج کے خلاف استعمال ہو رہے ہیں، اور دہشت گرد تنظیموں کو ہمارے مخالف ملک سے بیرونی امداد اور مالی معاونت حاصل ہے۔

پاکستان نے مطالبہ کیا کہ دہشت گرد گروہوں کے زیر قبضہ غیر قانونی ہتھیاروں کے خلاف عالمی اقدام کیا جائے، اور دہشت گرد گروہوں کی ان ہتھیاروں تک رسائی کو روکا جائے، اور غیر قانونی ہتھیاروں کی بلیک مارکیٹ کو بند کرنے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں۔

عاطف رضا نے بیان میں کہا کالعدم ٹی ٹی پی دہشت گرد تنظیم ہے، جو افغانستان سے کارروائیاں کرتی ہے، پاکستان کو کالعدم بی ایل اے، مجید بریگیڈ کے ذریعے جدید اور مہلک ہتھیاروں کے حصول اور استعمال پر تشویش ہے۔

انہوں نے کہا دہشت گرد گروہوں کے پاس غیر قانونی ہتھیار موجود ہیں، یہ اربوں ڈالر مالیت کے ہتھیار ہیں، جو افغانستان میں چھوڑے گئے تھے، اور اب یہ ہتھیار پاکستان کے شہریوں اور مسلح افواج کے خلاف استعمال ہو رہے ہیں۔

پاکستان نے بین الاقوامی شراکت داروں سے مطالبہ کیا ہے کہ چھوڑے گئے ہتھیاروں کو بازیاب کرایا جائے، اور چھوٹے، ہلکے غیر قانونی ہتھیاروں کے مسئلے کو جامع طریقے سے حل کیا جانا چاہیے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More