کینالز کا منصوبہ مسترد کرتے ہیں، پورا نہیں ہونے دیں گے: بلاول بھٹو زرداری کا خطاب

اردو نیوز  |  Apr 04, 2025

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کینالز کے منصوبے کو پہلے ہی رد کر چکے ہیں، پورا نہیں ہونے دیں گے۔

جمعے کو لاڑکانہ میں سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر منعقدہ جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ ’کینالز منصوبہ حکومت کا یک طرفہ فیصلہ ہے، پیپلز پارٹی اسے مسترد کرتی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ صدر زرداری نے (پارلیمنٹ کے) مشترکہ اجلاس میں کینالز کے منصوبے کو مسترد کیا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے متنازع ڈیم کا منصوبہ دفنایا، پیپلز پارٹی ہی اکیلی پانی کی منصفانہ تقسیم کے لیے لڑتی آ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ متنازع (کالا باغ) ڈیم کو روکنے والی وفاق کی زنجیر بے نظیر بھٹو تھیں۔ اس ڈیم کے خلاف سب سے پہلی آواز لاہور کے جیالوں نے اٹھائی۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہمیں نسل در نسل ہزاروں برس سے دریا کے ساتھ رہنا اور کاشت کرنا آتا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ’میں بطور وزیر خارجہ موسمی تبدیلی کی جنگ، جس میں پانی کی تقسیم بھی شامل ہے، عالمی سطح پر لڑ کر آیا ہوں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’سندھو کو بچانا ہے، اس کو بحال اور صحت مند کرنا ہے۔ ایک زمانے میں اس کو مائٹی انڈس کہا جاتا تھا، میں دنیا کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے میری کوششوں کے جواب میں اس دریا کی بحالی کے لیے مالی اور تکنیکی تعاون پر آمادگی ظاہر کی ہے۔‘

بلال بھٹو نے کہا کہ پانی کے معاملے میں انڈیا یکطرفہ فیصلے لے رہا تھا، باقی سب سو رہے تھے، میں بطور وزیر خارجہ انڈیا کا مقابلہ کر کے آیا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ صدر زرداری کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے 18 ویں ترمیم کے ذریعہ ماحولیاتی حقوق کی بات آئین میں شامل کروائی۔ ہم یہ نہیں کہتے کہ یہ ترمیم ہم نے تنہا منطور کروائی مگر ہم سے جو جہاں تک ہو سکا ہم اس ترمیم میں ماحولیاتی حقوق کو شامل کروایا۔ ماحولیات میں پانی کا ایشو بھی شامل ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More