’غیرملکی شہریوں کے پاس 18 ہزار ڈالر میں پاکستانی شہریت حاصل کرنے کا سنہری موقع ہے۔ حکومت پاکستان کی اس پیشکش کو ہاتھ سے جانے مت دیں اور پاکستانی شہریت حاصل کر کے بیشتر فوائد حاصل کریں۔‘یہ پوسٹ گذشتہ دنوں سوشل میڈیا پر عام تھی جس میں حکومت پاکستان کی جانب سے پاکستانی شہریت فروخت کرنے کی پیشکش کے بارے میں بتایا جا رہا تھا۔اگرچہ یہ پوسٹ ’فیک نیوز‘ تھی اور محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل مصطفیٰ جمال قاضی کے مطابق پاکستانی حکومت نے حالیہ دنوں میں ایسی کسی پیشکش کا اعلان نہیں کیا لیکن ریاست پاکستان دیگر کئی اقدامات کے ذریعے غیرملکیوں کو شہریت دیتی ہے اور ہر سال کئی غیرملکی پاکستانی شہری بنتے ہیں۔اور دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان کی شہریت حاصل کرنے والے افراد کی بڑی تعداد کا تعلق اس کے روایتی حریف انڈیا سے ہے۔اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ کچھ برسوں میں پاکستانی شہریت حاصل کرنے والوں میں انڈین شہری سرفہرست ہیں۔اردو نیوز کے پاس موجود دستیاب اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ڈیڑھ دھائی میں 606 انڈین افراد نے پاکستان کی شہریت حاصل کی جو کہ دوسرے تمام ممالک کے شہریوں سے زیادہ ہے۔سرکاری ڈیٹا میں بتایا گیا ہے کہ سال 2009 سے 2018 کے دوران 35 ممالک کے کل 635 شہریوں نے پاکستانی شہریت حاصل کی ہے۔ ان میں سب سے زیادہ تعداد 461 بھارتی شہریوں کی ہے۔ اسی عرصے میں افغانستان کے 43، سری لنکا کے 22، اور برطانیہ کے 15 شہریوں نے بھی پاکستانی شہریت حاصل کی۔گزشتہ پانچ برسوں یعنی سال 2018 سے 2023 کے دوران 145 انڈین افراد کو پاکستانی شہریت ملی جن میں زیادہ تر خواتین شامل تھیں۔ پاکستان میں امیگریشن کے ماہر ڈاکٹر حسن کمال نے اس بارے میں بتایا کہ بعض ممالک کے لوگ پاکستان کی شہریت حاصل کرتے ہیں اور زیادہ انڈین افراد کے پاکستانی شہریت حاصل کرنے کی بڑی وجوہات سماجی روابط اور مذہب ہے۔2018 سے 2023 کے دوران 145 انڈین افراد کو پاکستانی شہریت ملی۔ (فوٹو: اے ایف پی)وہ کہتے ہیں کہ ’شادی، خاندانی تعلقات اور مذہبی پہلو وہ تین بنیادی عوامل ہیں جن کی بنیاد پر انڈین شہری پاکستان آنا چاہتے ہیں۔‘ڈاکٹر حسن کمال کے مطابق ’بہت سے انڈین شہری خاص طور پر خواتین پاکستانی مردوں سے شادی کے بعد پاکستانی شہریت حاصل کرتی ہیں اور اکثر یہ شادیاں سرحدی علاقوں میں رہنے والے خاندانوں کے درمیان ہوتی ہیں جو تقسیمِ ہند کے بعد بھی ثقافتی اور خاندانی روابط برقرار رکھے ہوئے ہیں۔‘پاکستانی شہریت کیسے حاصل کی جا سکتی ہے؟ڈپلومیٹک اینڈ امیگریشن لاز ایکسپرٹ میجر ریٹائڑڈ بیرسٹر مُحمد ساجد کے مطابق پاکستان کی شہریت حاصل کرنے کے مختلف طریقے ہیں جن پر عمل کر کے پاکستان کے ساتھ سفارتی تعلقات والے ممالک کے شہری چار سے پانچ سالوں میں پاکستانی بن سکتے ہیں۔ان میں ایک طریقہ سرمایہ کاری بھی ہے اور پاکستانی شہریت ایکٹ 1951 کے مطابق حکومت پاکستان مخصوص دورانیے کے اندر ملک میں سرمایہ کاری کی بنیاد یا دیگر کسی اہلیت پر غیرملکیوں کو پاکستانی شہریت دینے کی صوابدید رکھتی ہے۔پیدائش کے ذریعےپاکستانی شہریت ایکٹ 1951 کے مطابق اگر 14 اگست 1951 سے پہلے کوئی شخص پاکستان میں پیدا ہوا ہے تو وہ خود بخود پاکستانی شہری بن جاتا ہے تاہم اس کے بعد پاکستان میں پیدا ہونے والوں کے والدین میں سے کوئی ایک پاکستانی شہری ہے تب بھی وہ پاکستانی شہری شمار ہوتا ہے۔نسب کے ذریعےیہ لازمی نہیں کہ صرف پاکستان میں پیدا ہونے والے بچے ہی پاکستانی کہلائیں گے بلکہ اگر آپ پاکستان سے باہر بھی پیدا ہوئے ہیں تو بھی آپ پاکستانی شہری ہو سکتے ہیں بشرطیکہ آپ کے والد یا والدہ آپ کی پیدائش کے وقت پاکستانی شہری ہوں۔2009 سے 2018 کے درمیان افغانستان کے 43 شہریوں نے پاکستان کی شہریت حاصل کی۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)ہجرت کے ذریعےپاکستانی شہریت ایکٹ 1952 میں یہ بتایا گیا ہے کہ جو افراد 1952 سے قبل ہندوستان سے ہجرت کر کے پاکستان آئے وہ تمام پاکستانی شہری سمجھے جاتے ہیں۔کم از کم پانچ سال پاکستان میں قیامکوئی بھی غیرملکی شہری جو گزشتہ پانچ سال سے پاکستان میں مقیم ہے وہ بھی پاکستانی شہریت کا اہل ہو سکتا ہے۔ اسی طرح کسی غیرملکی کا پاکستانی شہری کے ساتھ شادی کی صورت میں میں دو سال تک پاکستان میں رہنا بھی اس کو یہاں کی شہریت کا اہل بنا دیتا ہے۔سرمایہ کاری کے ذریعےحکومت پاکستان کی صوابدید پر بعض اوقات غیرملکی شہری کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے پر بھی پاکستانی شہریت دی جا سکتی ہے تاہم اس بات کا فیصلہ مخصوص حالات اور وقت کو مد نظر رکھ کر ہی کیا جاتا ہے۔پاکستانی شہریت کے لیے درخواست کا طریقہ کارپاکستانی شہریت حاصل کرنے کی اہلیت کے معیار پر پورا اُترنے کی صورت میں وفاقی وزارت داخلہ میں پاکستانی شہریت حاصل کرنے کے لیے درخواست جمع کروائی جا سکتی ہے۔جس کے بعد محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ دستاویزات کی جانچ پڑتال مکمل کر کے انٹرویوز کا انعقاد کرتا ہے۔انٹرویو میں کامیابی ملنے پر پاکستانی شہریت کا سرٹیفکیٹ جاری کر دیا جاتا ہے۔