سابق پاکستانی کرکٹر آسٹریلیا کی طرف سے کھیلنے کیلئے پرعزم

سچ ٹی وی  |  Apr 01, 2025

پاکستان کے سابق انٹرنیشنل کرکٹر عثمان قادر کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کی طرف سے کھیلنے کے لیے پورا زور لگاوں گا۔

عثمان قادر رمضان المبارک اور عید کے موقع پر آسٹریلیا سے فیملی کے پاس لاہور آ گئے اور اس موقع پر نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں روزے رکھنے اور فیملی کے ساتھ عید منانے آیا ہوں، پاکستان میں رمضان کا اپنا ہی مزہ ہے ، کبھی پاکستان سے باہر روزے نہیں رکھے اور دوسرا خوشی کے موقع پر فیملی سے دور بھی نہیں رہا جاتا۔

ایک ون ڈے اور 25 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے 31 سالہ عثمان قادر نے گزشتہ برس مسلسل مواقع نہ ملنے کی وجہ سے مایوس ہو کر پاکستان کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی اور آسٹریلیا منتقل ہو گئے جہاں انہوں نے سڈنی میں پہلے مرحلے میں کلب کرکٹ کا آغاز کیا ہے۔

عثمان قادر نے کہا کہ آسٹریلیا منتقلی کے بعد معاملات کنٹرول میں ہیں سب کچھ پلان کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے ، جلد آسٹریلیا میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتا دکھائی دوں گا، آسٹریلیا کی جانب سے کھیلنے کے لیے محنت کر رہا ہوں، وہاں کارکردگی اور میرٹ پر فیصلے ہو تے ہیں اور میں اپنا پورا زور لگاوں گا کہ آسٹریلیا کی نمائندگی کروں۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنے اور اپنی فیملی کے بہتر مستقبل کے لیے آسٹریلیا منتقل ہوا اور اس کے لیے میں محنت کر رہا ہوں میرے والد کی خواہش تھی کہ میں پاکستان کی طرف سے کھیلوں اور پھر میں پاکستان کی طرف سے کھیلا لیکن پھر جو حالات یہاں ہو گئے وہ سب کے سامنے ہیں، میں نے بہتر مستقبل کے لیے قدم اٹھایا میرے بعد اور بھی ایسا ہی فیصلہ کریں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More