غلط معلومات اور پروپیگنڈے کے ذریعے معاشرے میں زہر گھولا جا رہا ہے: شہباز شریف

اردو نیوز  |  Mar 28, 2025

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’سوشل میڈیا ایک طاقت ہے لیکن آج غلط معلومات اور پروپیگنڈے کے ذریعے معاشرے میں زہر گھولا جا رہا ہے۔ علماء کرام سوشل میڈیا پر غلط پروپیگنڈے کی حوصلہ شکنی کریں۔‘

وزیراعظم شہباز شریف نے جمعے کو اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ترقی و خوش حالی امن اور سکون کے ساتھ منسلک ہے۔ غلط پروپیگنڈے نے امن و سکون کو برباد کر دیا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’اللہ تعالیٰ نے رمضان المبارک کے مہینے میں عظیم قربانیوں کے بعد ہمیں یہ ملک عطا فرمایا، اس پر ہم جتنا بھی شکر ادا کریں کم ہے۔‘

’آج ذاتی مفادات کے لیے قومی مفاد کو پس پشت ڈالنے کی جو سوچ ہے اور تفریق ہے، میں سمجھتا ہوں کہ یہ ہماری بدقسمتی ہے۔‘

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’آج اپنے اپنے خوابوں کی تعمیر کے لیے ملک کے استحکام اور سلامتی کو داؤ پر لگایا جا رہا ہے۔افواج پاکستان ملک کے تحفظ کے لیے قربانیاں دے رہی ہیں، علمائے کرام کو بھی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرنا  ہے۔‘

’اتحاد و اتفاق سے دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کر دیں گے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’دہشت گردوں کو جہاں کہیں سے بھی سے مدد ملتی ہے ، اس کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ پاکستان کے قدرتی وسائل سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔ یہ پاکستان کے دشمن ہیں جنہیں پاکستان کی ترقی و خوش حالی گوارا نہیں ہے۔‘

’دہشت گردوں کو جہاں جہاں سے مالی سپورٹ مل رہی ہے، ہمیں سب کا علم ہے۔‘

وزیراعظم نے اپنی تقریر کے آخر میں کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More