سائبر کرائم کے مقدمے میں گرفتار صحافی وحید مراد کی ضمانت منظور

سچ ٹی وی  |  Mar 28, 2025

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض سائبر کرائم قانون کے مقدمے میں گرفتار صحافی وحید مراد کی ضمانت منظور کرلی۔

ذرائع  کے مطابق ایف آئی اے نے 2 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر صحافی وحید مراد کو جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ کی عدالت میں پیش کردیا، عدالت نے صحافی وحید مراد کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔بعدازاں وحید مراد کے وکلا نے عدالت درخواست ضمانت بعداز گرفتاری دائر کردی، جس پر جج عباس شاہ نے سماعت کی۔

جج عباس شاہ نے ایف آئی اے سے استفسار کیا کہ آپ نے کیا میٹریل برآمد کیا ہے؟

وکیل ایمان مزاری نے عدالت کو بتایا کہ وحید مراد نے اختر مینگل کے الفاظ کو کوٹ کر کے پوسٹ کی ہے، ہادی علی چٹھہ نے کہا کہ پہلی ٹوئٹ اختر مینگل کا بیان تھا۔ ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ اختر مینگل کی پوسٹ کی جو بات کی جارہی ہے اس میں کہا گیا کہ بلوچ نسل کشی کی جا رہی ہے۔

بعدازاں عدالت نے 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض صحافی وحید مراد کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرلی۔ یاد رہے کہ اسلام آباد کے رہائشی صحافی وحید مراد کو 26 مارچ کو وردی میں ملبوس اہلکاروں نے علی الصبح ان کے گھر سے حراست میں لیا تھا بعدازاں ایف آئی اے نے انہیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پیش کرکے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی تاہم عدالت نے ان کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More