پیٹرول کی قیت برقرار۔۔ بجلی کی قیمت کے متعلق حکومت نے کیا اہم فیصلہ کر لیا؟

ہماری ویب  |  Mar 15, 2025

وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تو برقرار رکھیں لیکن اس کا فائدہ بجلی کے بلوں میں کمی کی صورت میں منتقل کرنے کی حکمت عملی اپنانے کا اعلان کر دیا۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق حکومت ایک ایسا پیکج تیار کر رہی ہے جو بجلی کے نرخوں میں کمی لا کر عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کرے گا۔ اس حوالے سے باضابطہ اعلان آئندہ چند ہفتوں میں متوقع ہے، اور وزیراعظم جلد قوم کو اس حوالے سے اعتماد میں لیں گے۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی عوام کو مہنگائی کے بوجھ سے نکالنے کا عہد کیا تھا اور اس وعدے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے بجلی کے نرخ کم کرنے کی جامع حکمت عملی ترتیب دی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے امکان تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی جائے گی، جس میں پیٹرول 13 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 10 روپے سستا ہونے کی توقع تھی۔ تاہم، حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو برقرار رکھتے ہوئے یہ فائدہ بجلی کے بلوں میں رعایت کی شکل میں عوام کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ یکم مارچ کو پیٹرول کی قیمت میں معمولی 50 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی تھی، جس کے بعد پیٹرول 255 روپے 63 پیسے فی لیٹر پر برقرار ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 31 پیسے کی کمی کے بعد یہ 258 روپے 64 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More