چیمپیئنز ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کی جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ جاری ہے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے میچ میں کیوی کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ وکٹ اچھی لگ ہی ہے، اس وکٹ پر کھیلے ہیں لیکن ہوا کی وجہ سے شام میں زیادہ ڈیو نہیں ہونی چاہیے۔
مچل سینٹنر کا کہنا تھا کہ وکٹ اچھی لگ رہی ہے، یہاں اوس نہیں ہونی چاہیے۔ ہم جانتے ہیں کہ ان کنڈیشنز میں کیا توقع رکھنی چاہیے۔ ہماری ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پچھلا میچ مختلف کنڈیشنز میں تھا، آج ہم ایک مضبوط ٹیم کے خلاف کھیل رہے ہیں اور امید ہے کہ جنوبی افریقا پر دباؤ ڈال سکیں گے۔
جنوبی افریقی کپتان ٹمبا باؤما نے کہا کہ ٹاس جیت کر ہم بھی بیٹنگ کو ترجیح دیتے لیکن اب ہمیں اچھا آغاز کرنا ہوگا۔ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، میں واپس آ گیا ہوں اور اب کافی بہتر محسوس کر رہا ہوں۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے گروپ اے اور جنوبی افریقا نے گروپ بی سے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا۔
آج کا میچ جیتنے والی ٹیم اتوار کو دبئی میں ہونے والے فائنل میں بھارت کے مدمقابل آئے گی۔
یاد رہے کہ بھارت نے گزشتہ روز چیمپئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو 4 وکتوں سے شکست دیکر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔