حسن نصر اللہ کی تدفین میں ہزاروں حامیوں کی شرکت: وہ شیعہ عالم جنھوں نے حزب اللہ کو لبنان کی فوج سے بھی زیادہ طاقتور بنایا

بی بی سی اردو  |  Feb 23, 2025

Getty Images

حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصر اللہ کی نماز جنازہ اسرائیلی فضائی حملے میں ان کی ہلاکت کے تقریباً پانچ ماہ بعد آج بیروت میں ادا کر دی گئی جس میں حزب اللہ کے ہزاروں حامیوں اور شہریوں نے شرکت کی۔

ان کے ساتھ ساتھ حزب اللہ کی ایگزیکٹو کونسل کے سربراہ ہاشم صفی الدین کی بھی تدفین کی گئی۔

لبنان کے صدر جوزف عون کے نمائندوں اور ملک کے وزیر اعظم نے بھی حزب اللہ کے رہنماؤں کے جنازوں میں شرکت کی۔

بیروت میں بی بی سی فارسی کی مشرق وسطیٰ کی نامہ نگار نفیسہ کونوارد کے مطابق تقریب کے مقام سے چار اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے تقریب کے اوپر دو بار کم اونچائی پر پرواز کی اور ان جیٹ طیاروں کی آواز نے ہجوم میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔ حزب اللہ کے حامیوں نے 'اللہ اکبر' اور اسرائیل مخالف نعرے لگائے۔ ان لڑاکا طیاروں کا گزر نعیم قاسم کی تقریر کی نشریات کے آغاز کے ساتھ ہی ہوا۔

اسرائیلی لڑاکا طیاروںکے بعد جبکہ لبنانی فوج کے طیارے بھی تقریب کے اوپر پرواز کر رہے تھے۔

حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل نعیم قاسم نے تقریب میں کہا 'اس قدر وسیع اور مقبول جنازہ لبنان میں پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا تھا۔'

انھوں نے تقریب میں دسیوں ہزار افراد کی شرکت کو 'قومی اتحاد' کی علامت قرار دیا۔

انھوں نے کہا کہ یہ لبنان کے مفاد میں نہیں ہے کہ وہ 'اسرائیل کے ساتھ جنگ جاری رکھے' اور اس لیے جنگ بندی کے معاہدے کے لیے اسرائیل کی تجویز سے اتفاق کیا۔

نعیم قاسم نے غزہ پر اسرائیل کے حملے میں مداخلت کے نصر اللہ کے فیصلے کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ نے غزہ کی جنگ میں مداخلت کی وجہ یہ تھی کہ اسرائیل کا 'غزہ پر حملہ کرنے کے چار دن بعد لبنان پر حملہ کرنے کا ارادہ تھا، جلد یا بدیر وہ حملہ کر دیتا۔'

اسرائیل نے اس سے قبل دھمکی دی تھی کہ سیکرٹری جنرل نعیم قاسم کی مدت مختصر رہے گی۔

تقریب کے آغاز میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔ عراق میں آیت اللہ خامنہ ای کے نمائندے مجتبیٰ حسینی نے پیغام پڑھا۔ ایرانی حکومت کے سربراہ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 'دشمن کے جان لینے سے غاصبانہ قبضے، جبر اور استکبار کے خلاف مزاحمت کبھی ختم نہیں ہوتی اور مطلوبہ ہدف کے حصول تک جاری رہے گی۔'

ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی تقریب میں شرکت کے لیے بیروت گئے ہیں۔

بیروت پہنچنے پر عباس عراقچی نے کہا کہ میں نے اسلامی جمہوریہ ایران اور عوام کی جانب سے تقریب میں شرکت کی اور کہا کہ 'آج کا جنازہ دنیا کو یہ دکھا دے گا کہ مزاحمت زندہ ہے، حزب اللہ زندہ ہے۔'

مجتبیٰ حسینی کے علاوہ محمد حسن اختری، محسن قومی اور رضا تغاوی بھی ایرانی رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای کی جانب سے حسن نصر اللہ اور ہاشم صفی الدین کے جنازوں میں شرکت کے لیے بیروت گئے۔

جنازے کے بعد حسن نصراللہ کو بیروت ہوائی اڈے کی شاہراہ کے قریب ان کے لیے مختص مقبرے میں دفن کیا گیا۔

مرکزی تقریب کامل شمعون سٹیڈیم میں منعقد ہوئی جس میں تقریباً 50 ہزار افراد کی گنجائش ہے۔

جنازے کے موقع پر جنوبی بیروت کے مختلف علاقوں میں حسن نصراللہ اور ہاشم صفی الدین کی بڑی بڑی تصاویر لگائی گئی ہیں۔

لبنان کی حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصر اللہ بیروت کے جنوب میں ایک مضافاتی علاقے میں اسرائیلی فضائی حملے میں مارے گئے۔ کچھ عرصے بعد حزب اللہ کی ایگزیکٹو کونسل کے سربراہ اور گروپ کے ڈی فیکٹو سیکنڈ ان کمانڈ، ہاشم صفی الدین، جو حسن نصر اللہ کے بعد متوقع سربراہ تھے وہ بھی اسرائیلی حملے میں مارے گئے۔

ہاشم صفی الدین حسن نصر اللہ کے کزن اور پاسدارانِ انقلاب کے سابق کمانڈر قاسم سلیمانی کے سسر ہیں، جو 2020 میں عراق میں ایک امریکی حملے میں مارے گئے تھے۔

Getty Imagesبیروت کے جنوبی مضافات میں ادا کی جانے والی آخری رسومات میں ہاشم صفی الدین کو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا جنھوں نے نصراللہ کی ہلاکت کے بعد ایک ہفتے تک حزب اللہ کی قیادت سنبھالی تھی تاہم وہ بھی اسرائیلی حملے میں ہلاک ہو گئے تھے

حسن نصراللہ گذشتہ برس 27 ستمبر کو ایک اسرائیلی فضائی حملے میں اس وقت ہلاک ہوئے جب وہ بیروت کے مضافات میں ایک بنکر میں کمانڈروں سے ملاقات کر رہے تھے۔

خبر رساں ادارے رؤٹرز کا کہنا ہے کہ اپنے سابق رہنما کی عوامی سطح پر تدفین کے ذریعے حزب اللہ اپنی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنا چاہتی ہے کیونکہ گذشتہ سال کی جنگ کے بعد یہ گروہ کمزور ہو چکا ہے۔

ایران کے حمایت یافتہ نصر اللہ حزب اللہ کے بانی اراکین میں شامل تھے اور تین دہائیوں تک تنظیم کے سربراہ رہے۔ ان کی ہلاکت اس تنظیم کے لیے ایک زبردست دھچکہ تھی۔

شیعہ عالم حسن نصر اللہ کے اسلامی جمہوریہ ایران اور اس کے رہبر اعلیٰ علی خامنہ ای کے ساتھ قریبی تعلقات رہے۔ اس گروپ کو لبنان کی اہم ترین سیاسی جماعتوں میں شمار کیا جاتا ہے جس کا اپنا مسلح ونگ بھی ہے۔ حسن نصراللہ، جو لبنان اور دیگر عرب ممالک دونوں میں مقبول ہیں، حزب اللہ کا مرکزی چہرہ سمجھے جاتے تھے۔

انھوں نے حزب اللہ کو سیاسی اور عسکری طور پر مضبوط کیا اور ایک طاقتور علاقائی قوت میں تبدیل کیا۔

Getty Images

حسن نصر اللہ کی قیادت میں حزب اللہ نے فلسطینی عسکریت پسند گروہ حماس کے جنگجوؤں کو تربیت دی جبکہ وہ کھل کر عراق اور یمن میں ملیشیا کی حمایت کرتے رہے ہیں۔ انھوں نے ایران سے میزائل اور راکٹ سمیت دیگر ہتھیار حاصل کیے تاکہ انھیں اسرائیل کے خلاف استعمال کیا جاسکے۔

حزب اللہ کو بطور ایک ملیشیا قائم کیا گیا تھا جس کا مقصد لبنان پر حملہ کرنے والے اسرائیلی فوجیوں کے خلاف لڑنا تھا۔ اب یہ ایک ایسی عسکری طاقت ہے جو لبنان کی فوج سے بھی زیادہ طاقتور ہے اور سیاسی جوڑ توڑ میں بھی حصہ لیتی ہے۔ اس تنظیم کے ذریعے لبنان میں صحت، تعلیم اور دیگر سوشل سروسز مہیا کی جاتی ہیں۔ ایران علاقائی اثر و رسوخ برقرار رکھنے کے لیے حزب اللہ کی حمایت کرتا ہے۔

اس حقیقت کے باوجود کہ حزب اللہ کو امریکہ کی طرف سے دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کیا گیا، نہ تو ایران کے رہنماؤں اور نہ ہی نصر اللہ نے اپنے قریبی تعلقات کو کبھی چھپایا۔

حسن نصراللہ کے جتنے پرجوش پرستار ہیں اتنے ہی ان کے دشمن بھی رہے۔ اسی وجہ سے وہ اسرائیل کے ہاتھوں ہلاکت کے خوف سے برسوں سے عوام کے سامنے نہیں آئے۔ لیکن اس وجہ سے ان کے مداح ان کی تقریروں سے محروم رہتے تھے۔

یہ تقاریر دراصل طاقت کے استعمال کے لیے نصر اللہ کا اہم ہتھیار رہیں اور اس طرح وہ لبنان اور دنیا کے مختلف مسائل پر تبصرہ کرتے رہے اور اپنے حریفوں پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کرتے رہے۔

لبنان میں بہت سے لوگ 2006 میں اسرائیل کے خلاف حزب اللہ کی ایک ماہ تک جاری رہنے والی تباہ کن جنگ کو اب بھی یاد کرتے ہیں اور انھیں خدشہ ہے کہ یہ گروپ ملک کو ایک اور تنازعے میں دھکیل سکتا ہے۔

حزب اللہ کے مقاصد میں سے ایک اسرائیل کی تباہی ہے، جو اس گروپ کو حماس سے زیادہ طاقتور دشمن کے طور پر دیکھتا ہے۔ حزب اللہ کے پاس ہتھیاروں کا ایک بہت بڑا ذخیرہ ہے جس میں ایسے میزائل شامل ہیں جو اسرائیلی علاقے میں دور تک حملہ کر سکتے ہیں۔ ہزاروں تربیت یافتہ جنگجو اس کے علاوہ ہیں۔

Getty Imagesبچپن اور جوانی

حسن نصر اللہ کی پیدائش کے کچھ ہی عرصے بعد لبنان میں خانہ جنگی شروع ہو گئی۔

وہ بیروت کے مشرق میں ایک غریب محلے میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد ایک چھوٹی سی دکان کے مالک تھے اور حسن ان کے نو بچوں میں سب سے بڑے تھے۔

جب لبنان میں خانہ جنگی شروع ہوئی تو ان کی عمر پانچ سال تھی۔ یہ ایک تباہ کن جنگ تھی جس نے بحیرہ روم کے اس چھوٹے سے ملک کو 15 سال تک اپنی لپیٹ میں رکھا اور اس دوران لبنانی شہری مذہب اور نسل کی بنیاد پر ایک دوسرے سے لڑے۔

اس دوران مسیحی اور سنی ملیشیا گروپوں پر الزام لگا کہ وہ بیرونی ممالک کی مدد حاصل کرتے ہیں۔

جنگ کے آغاز کی وجہ سے حسن نصراللہ کے والد نے بیروت چھوڑنے اور جنوبی لبنان میں اپنے آبائی گاؤں واپس جانے کا فیصلہ کیا جہاں شیعہ اکثریت تھی۔

حسن نصر اللہ 15 سال کی عمر میں اس وقت کے سب سے اہم لبنانی شیعہ سیاسی عسکری گروپ کے رکن بن گئے جس کا نام امل موومنٹ تھا۔ یہ ایک بااثر اور فعال گروپ تھا جس کی بنیاد ایرانی موسی صدر نے رکھی تھی۔

اس دوران نصراللہ نے اپنی مذہبی تعلیم بھی شروع کی۔ نصراللہ کے اساتذہ میں سے ایک نے مشورہ دیا کہ وہ شیخ بننے کا راستہ اختیار کریں اور نجف جائیں۔ حسن نصر اللہ نے یہ مشورہ قبول کر لی اور 16 سال کی عمر میں عراق کے شہر نجف چلے گئے۔

Getty Imagesحسن نصر اللہ کی پیدائش کے کچھ ہی عرصے بعد لبنان میں خانہ جنگی شروع ہو گئیلبنان واپسی اور مسلح جدوجہد

حسن نصر اللہ کی نجف میں موجودگی کے دوران عراق ایک غیر مستحکم ملک تھا جہاں دو دہائیوں تک مسلسل انقلاب، خونی بغاوت اور سیاسی قتل و غارت کا راج رہا۔ اس عرصے کے دوران عراق کے نائب صدر صدام حسین نے خاصا اثر و رسوخ حاصل کر لیا تھا۔

حسن نصر اللہ کے نجف میں قیام کے صرف دو سال بعد بعث پارٹی کے رہنما اور خاص طور پر صدام حسین کے فیصلوں میں سے ایک یہ تھا کہ تمام لبنانی شیعہ طلباء کو عراقی مدارس سے نکال دیا جائے۔

حسن نصر اللہ نے نجف میں صرف دو سال تعلیم حاصل کی اور پھر انھیں یہ ملک چھوڑنا پڑا۔ لیکن ان کی نجف میں موجودگی نے اس نوجوان لبنانی کی زندگی پر گہرا اثر ڈالا۔ ان کی ملاقات نجف میں عباس موسوی نامی ایک اور عالم سے بھی ہوئی۔

موسوی، جو کبھی لبنان میں موسی صدر کے شاگردوں میں شمار ہوتے تھے، روح اللہ خمینی کے سیاسی نظریات سے بہت متاثر تھے۔ وہ نصر اللہ سے آٹھ سال بڑے تھے اور بہت جلد انھوں نے ایک سخت استاد اور ایک بااثر رہنما کا کردار سنبھال لیا۔

لبنان واپس آنے کے بعد یہ دونوں مقامی خانہ جنگی میں شامل ہو گئے۔ تاہم اس بار نصر اللہ عباس موسوی کے آبائی شہر گئے جہاں آبادی کی اکثریت بھی شیعہ تھی۔

اس دور میں نصراللہ تحریک امل کے رکن رہے اور عباس موسوی کے قائم کردہ مدرسے میں تعلیم بھی حاصل کرتے رہے۔

ایرانی انقلاب اور حزب اللہ کا قیام

حسن نصر اللہ کی لبنان واپسی کے ایک سال بعد ایران میں انقلاب آیا اور روح اللہ خمینی نے اقتدار پر قبضہ کر لیا۔ یہاں سے ناصرف لبنان کی شیعہ برادری کا ایران کے ساتھ تعلق بالکل بدل گیا بلکہ ان کی سیاسی زندگی اور مسلح جدوجہد بھی ایران میں رونما ہونے والے واقعات اور نظریے سے شدید متاثر ہوئی۔

حسن نصراللہ نے بعد میں تہران میں اسلامی جمہوریہ ایران کے اس وقت کے رہنما سے ملاقات کی اور خمینی نے انھیں لبنان میں اپنا نمائندہ مقرر کیا۔

Getty Imagesحسن نصر اللہ کو لبنان میں بعض مذہبی معاملات میں خمینی کا نمائندہ مقرر کیا گیا تھا

یہیں سے حسن نصراللہ کے ایران کے دوروں کا آغاز ہوا اور ایرانی حکومت میں فیصلہ ساز اور طاقت کے مراکز سے ان کے تعلقات قائم ہوئے۔

ایران نے لبنان کی شیعہ برادری کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دی۔ مشرق وسطیٰ میں اسرائیل کی وجہ سے فلسطینی تحریک بھی انقلابی ایران کی خارجہ پالیسی کی اہم ترین ترجیحات میں شامل تھی۔

اس عرصے کے دوران خانہ جنگی میں گھرا لبنان فلسطینی جنگجوؤں کے لیے ایک اہم اڈہ بن گیا تھا اور قدرتی طور پر بیروت کے علاوہ جنوبی لبنان میں بھی ان کی مضبوط موجودگی تھی۔

یہ بھی پڑھیےاسرائیلی وفد کا دوحہ میں رات ’طیارے میں گزارنے کا خیال‘ اور وہ فون کال جس نے ایران کا ’متوقع حملہ‘ رکوا دیالبنان میں حزب اللہ کے زیرِ استعمال واکی ٹاکی اور پیجر دھماکوں کے بارے میں ہم کیا جانتے ہیں؟’سائے کا شہزادہ اور نو زندگیوں والی بلی‘: اسماعیل ہنیہ کی ہلاکت کے بعد حماس کے اہم رہنما کون ہیں؟لبنان میں پیجرز اور واکی ٹاکی حملے: ڈیوائسز بنانے والی ’جعلی کمپنی‘ اور اس کی ’پُراسرار‘ خاتون بانی کے بارے میں ہم کیا جانتے ہیں؟

لبنان میں بڑھتے ہوئی عدم استحکام کے بیچ اسرائیل نے لبنان پر حملہ کر دیا اور اس ملک کے اہم حصوں پر تیزی سے قبضہ کر لیا۔ اسرائیل نے دعویٰ کیا کہ اس نے فلسطینی حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے لبنان پر حملہ کیا۔

اسرائیل کے حملے کے فوراً بعد ہی ایران میں پاسداران انقلاب اسلامی کے فوجی کمانڈروں نے لبنان میں ایران سے وابستہ عسکری گروپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔ یہ تحریک حزب اللہ تھی اور حسن نصراللہ اور عباس موسوی ان لوگوں میں شامل تھے جنھوں نے امل تحریک کے کچھ دیگر ارکان کے ساتھ اس نئے قائم ہونے والے گروپ میں شمولیت اختیار کی۔

اس گروہ نے بہت جلد لبنان میں امریکی افواج کے خلاف مسلح کارروائیاں کرکے خطے کی سیاست میں اپنا نام قائم کیا۔

Getty Imagesقیادت کے راستے پر

جب حسن نصر اللہ نے حزب اللہ میں شمولیت اختیار کی تو ان کی عمر صرف 22 سال تھی اور وہ نوآموز سمجھے جاتے تھے۔

تاہم نصر اللہ کے ایران سے تعلقات دن بہ دن گہرے ہوتے جا رہے تھے۔ انھوں نے اپنی دینی تعلیم کو جاری رکھنے کے لیے ایران کے قم شہر جانے کا فیصلہ کیا۔ نصراللہ نے دو سال تک قم میں تعلیم حاصل کی اور اس عرصے کے دوران فارسی سیکھنے کے ساتھ ساتھ ایرانی اشرافیہ میں بہت سے قریبی دوست بنائے۔

لبنان واپسی پر ان کے اور عباس موسوی کے درمیان ایک اہم اختلاف پیدا ہو گیا۔ اس وقت موسوی شام کے صدر حافظ الاسد کے حامی تھے۔ لیکن نصر اللہ نے اصرار کیا کہ حزب اللہ کی توجہ امریکی اور اسرائیلی فوجیوں پر حملوں پر مرکوز رہے۔

نصراللہ حزب اللہ میں اقلیت بن گئے اور کچھ عرصہ بعد انھیں ایران میں حزب اللہ کا نمائندہ مقرر کر دیا گیا۔ وہ ایک بار پھر ایران واپس آئے لیکن حزب اللہ سے دور ہو گئے۔

اس زمانے میں ایسا لگ رہا تھا کہ حزب اللہ پر ایران کا اثر و رسوخ روز بروز کم ہو رہا ہے۔ یہ کشیدگی اس حد تک بڑھی کہ حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل کو ہٹا کر ان کی جگہ شام کی حمایت کرنے والے عباس موسوی نئے سربراہ بن گئے۔

طفیلی کی برطرفی کے بعد، حسن نصراللہ واپس آ گئے اور عملی طور پر حزب اللہ کے نائب بن گئے۔

Getty Images32 سال کی عمر میں نصر اللہ حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل منتخب ہوئےحزب اللہ کی قیادت

عباس موسوی کو حزب اللہ کا جنرل سیکرٹری منتخب ہونے کے ایک سال سے بھی کم عرصے میں اسرائیلی ایجنٹوں نے ان کو قتل کر دیا اور اسی سال، 1992 میں اس گروپ کی قیادت حسن نصر اللہ کے ہاتھ میں چلی گئی۔

اس وقت ان کی عمر 32 سال تھی۔ اس وقت لبنان کی خانہ جنگی کے خاتمے کو ایک سال گزر چکا تھا اور نصر اللہ نے ملک میں حزب اللہ کی سیاسی شاخ کو اپنی عسکری شاخ کے ساتھ ساتھ ایک سنجیدہ کھلاڑی بنانے کا فیصلہ کیا۔

اس حکمت عملی کے نتیجے میں حزب اللہ لبنانی پارلیمنٹ کی آٹھ نشستیں جیتنے میں کامیاب ہوئی۔

طائف معاہدے کے تحت، جس نے لبنان کی خانہ جنگی کا خاتمہ کیا، حزب اللہ کو اپنے ہتھیار رکھنے کی اجازت دی گئی تھی۔ اس وقت اسرائیل نے جنوبی لبنان پر قبضہ کر رکھا تھا اور حزب اللہ مسلح تحریک چلا رہی تھی۔

لبنان کے حزب اللہ گروپ کو ایران کی مالی مدد مل رہی تھی اور یوں حسن نصر اللہ نے ملک میں سکولوں، ہسپتالوں اور خیراتی اداروں کا ایک وسیع نیٹ ورک تشکیل دیا۔ یہ فلاحی پہلو لبنان میں حزب اللہ کی سیاسی تحریک کی شناخت کا ایک اہم جزو بن گئی۔

Getty Imagesنصراللہ کی قیادت میں حزب اللہ گروپ کی مقبولیت میں نمایاں اضافہ ہوااسرائیل کا انخلا اور حسن نصراللہ کی مقبولیت

حسن نصراللہ کی قیادت میں حزب اللہ گروپ کی مقبولیت میں نمایاں اضافہ ہوا۔

سنہ 2000 میں اسرائیل نے اعلان کیا کہ وہ لبنان سے مکمل طور پر نکل جائے گا اور اس ملک کے جنوبی علاقوں پر قبضہ ختم کر دے گا۔ حزب اللہ گروپ نے اس تقریب کو ایک عظیم فتح کے طور پر منایا اور اس فتح کا سہرا حسن نصر اللہ کے نام لکھا گیا۔

یہ پہلا موقع تھا جب اسرائیل نے امن معاہدے کے بغیر کسی عرب ملک کی سرزمین کو یکطرفہ طور پر چھوڑا اور خطے کے بہت سے عرب شہریوں کی نظر میں اسے ایک اہم کامیابی قرار دیا گیا۔

تاہم اس وقت سے لبنان کے ہتھیاروں کا مسئلہ لبنان کے استحکام اور سلامتی سے متعلق اہم سوالات میں سے ایک بن گیا ہے۔ لبنان سے اسرائیل کے انخلاء کی وجہ سے حزب اللہ گروپ کے مسلح رہنے کی قانونی حیثیت ختم ہو گئی اور غیر ملکی طاقتوں نے حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کی درخواست کی جس سے حسن نصراللہ نے کبھی اتفاق نہیں کیا۔

2002 میں حسن نصر اللہ نے اسرائیل کے ساتھ مذاکرات کے دوران قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ کیا جس کے دوران 400 سے زائد فلسطینی، لبنانی قیدیوں اور دیگر عرب ممالک کے شہریوں کو رہا کیا گیا۔

اس وقت نصراللہ پہلے سے زیادہ طاقتور اور بااثر دکھائی دے رہے تھے اور لبنانی سیاست میں ان کے حریفوں کے لیے ان کا مقابلہ کرنا اور ان کے اثر و رسوخ اور طاقت کے پھیلاؤ کو روکنا ایک بڑا چیلنج بن چکا تھا۔

حریری کا قتل اور شام کا انخلاGetty Images

1983 میں اس وقت کے لبنان کے وزیر اعظم رفیق حریری کے قتل کے بعد رائے عامہ بدل گئی۔ رفیق حریری کو سعودی عرب کے قریبی اہم ترین سیاستدانوں میں شمار کیا جاتا تھا جنھوں نے حزب اللہ کو روکنے کے لیے بھرپور کوششیں کی تھیں۔

حریری کے قتل کے بعد عوامی غصے کا رخ حزب اللہ اور شام کی جانب ہوا، جن پر حریری کے قتل میں ملوث ہونے کا الزام تھا۔ بیروت میں اپوزیشن کے زبردست مظاہروں کے نتیجے میں شام نے اعلان کیا کہ وہ بھی لبنان سے اپنی فوجیں نکال لے گا۔

لیکن جب اسی سال پارلیمانی انتخابات ہوئے تو ناصرف حزب اللہ کے ووٹوں میں اضافہ ہوا بلکہ یہ گروپ دو وزارتیں حاصل کرنے میں بھی کامیاب ہو گیا۔

یہاں سے حسن نصراللہ نے حزب اللہ کو لبنان کے قوم پرست گروپ کے طور پر متعارف کرایا جو دوسری طاقتوں کے تسلط کے سامنے نہیں جھکتا۔

2005 کے موسم گرما میں حزب اللہ کے جنگجو اسرائیل میں داخل ہوئے اور ایک فوجی کو ہلاک اور دو فوجیوں کو یرغمال بنا لیا۔ اسرائیل کا ردعمل ایک شدید حملہ تھا جو 33 34 دن تک جاری رہا، اور اس دوران تقریبا 1200 لبنانی ہلاک ہو گئے۔

اس جنگ کے نتیجے میں حسن نصراللہ کی مقبولیت میں اور اضافہ ہوا جن کو عرب ممالک میں اسرائیل کے خلاف مزاحمت کرنے والے آخری شخص کے طور پر متعارف کرایا گیا۔

طاقت میں اضافہ Getty Images

حزب اللہ کی طاقت میں اضافے کی وجہ سے حریف گروہوں بالخصوص لبنانی سیاست دانوں نے حزب اللہ کیخلاف کوششوں کو تیز کیا۔

2007 میں، کئی مہینوں کی سیاسی کشمکش کے بعد، لبنانی حکومت نے منظوری دی کہ حزب اللہ کے زیر کنٹرول ٹیلی کمیونیکیشن سسٹم کو ختم کر دیا جائے اور ٹیلی کمیونیکیشن کے معاملات صرف حکومت کے کنٹرول میں ہوں۔ اس فیصلے کو ناصرف حسن نصر اللہ نے قبول نہیں کیا بلکہ تھوڑے ہی عرصے میں ان کے مسلح گروہ نے بیروت پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا۔

حسن نصراللہ کے اس اقدام پر مغربی ممالک کی جانب سے شدید تنقید کی گئی۔ لیکن سیاسی مذاکرات کے بعد وہ لبنانی کابینہ میں اپنے گروپ کی طاقت بڑھانے اور کابینہ کے فیصلوں میں ویٹو کا حق حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

2008 میں، لبنانی پارلیمنٹ میں حزب اللہ کی نشستوں کی تعداد کم ہونے کے باوجود، نصر اللہ ویٹو کا حق برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔ اسی سال لبنانی کابینہ نے حزب اللہ کو اپنے ہتھیار رکھنے کی اجازت دی تھی۔

یہاں سے حسن نصراللہ ایک ایسی شخصیت بن گئے کہ لبنان کے سیاسی اشرافیہ میں سے تقریباً کوئی بھی ان کی طاقت کو کم کرنے میں کامیاب نہیں ہوا۔

نہ تو ان کی مخالفت کرنے والے وزرائے اعظم کا استعفیٰ، اور نہ ہی سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی مداخلت انھیں پیچھے دھکیل سکی۔ اس کے برعکس ان تمام برسوں میں اسلامی جمہوریہ ایران کی حمایت سے حسن نصر اللہ شام کی خانہ جنگی اور لبنان میں اقتصادی بحران جیسے تاریخی بحرانوں پر قابو پانے میں کامیاب رہے۔

63 سال کی عمر میں انھیں لبنان میں ناصرف ایک منفرد سیاسی اور عسکری رہنما تصور کیا جاتا ہے بلکہ ان کے ریکارڈ پر کئی دہائیوں کی جدوجہد بھی موجود ہے اور وہ اس کریڈٹ کو اپنے سیاسی حریفوں کی نیندیں اڑانے اور پروپیگنڈا کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

لبنان میں حزب اللہ کے زیرِ استعمال واکی ٹاکی اور پیجر دھماکوں کے بارے میں ہم کیا جانتے ہیں؟حزب اللہ: ’اسرائیل کا سب سے مشکل حریف‘ ماضی کے مقابلے میں آج کتنا طاقتور ہے؟لبنان میں پیجرز اور واکی ٹاکی حملے: ڈیوائسز بنانے والی ’جعلی کمپنی‘ اور اس کی ’پُراسرار‘ خاتون بانی کے بارے میں ہم کیا جانتے ہیں؟’سائے کا شہزادہ اور نو زندگیوں والی بلی‘: اسماعیل ہنیہ کی ہلاکت کے بعد حماس کے اہم رہنما کون ہیں؟اسرائیلی وفد کا دوحہ میں رات ’طیارے میں گزارنے کا خیال‘ اور وہ فون کال جس نے ایران کا ’متوقع حملہ‘ رکوا دیافلسطین اور اسرائیل کا تنازع کیا ہے اور کیا اس کا کوئی حل ممکن ہے؟
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More