امریکی ایئر لائن ڈیلٹا نے رواں ہفتے ٹورنٹو ایئرپورٹ پر لینڈ کرتے ہوئے حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کے ہر مسافر کو 30 ہزار ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کمپنی کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ یہ اقدام کسی قسم کی شرط پر مبنی نہیں ہے اور اس سے مسافروں کے حقوق پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔پیر کے روز ڈیلٹا ایئر لائنز کا ایک طیارہ جو امریکی شہر منیسوٹا سے روانہ ہوا تھا، ٹورنٹو کے ایئرپورٹ پر رن وے سے ٹکرا کر الٹ گیا تھا۔آگ اور دھوئیں نے طیارے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ تاہم، رن وے پر الٹنے کے باوجود جہاز میں موجود 80 مسافر بچ گئے تھے۔ ڈیلٹا ایئر لائن نے کہا ہے کہ حادثے میں 21 مسافر زخمی ہو گئے تھے، لیکن صرف ایک کو ہسپتال میں علاج کے لیے داخل کیا گیا تھا۔پیرامیڈک سروسز نے کہا کہ ایمرجنسی سروسز کے اہلکاروں نے ان مسافروں کو فوری طبی امداد فراہم کی جنہیں کمر میں موچ، سر میں چوٹ، سر درد یا خوف و ہراس کا سامنا تھا۔ یہ حادثہ پڑوسی ملک امریکہ میں ہونے والے ان حادثات کے کچھ ہی عرصے بعد پیش آیا، جن میں پرواز کے دوران فوجی ہیلی کاپٹر اور مسافر طیارے کی آپس میں ٹکر بھی شامل تھی، اس میں 67 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اسی طرح فلاڈیلفیا میں بھی طبی ٹیم کا ایک جہاز گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں سات افراد ہلاک ہوئے تھے۔کینیڈا کی ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جس میں امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن، ڈیلٹا اور مٹسوبشی بھی معاونت فراہم کر رہی ہے۔ اتوار کو کینیڈا کے مشرقی حصے میں شدید برف باری ہوئی تھی، جس کی وجہ سے درجنوں پروازیں منسوخ کر دی گئی تھیں۔