فخر زمان کی انجری سے متعلق ٹیم مینجمنٹ کا اہم بیان سامنے آگیا

سچ ٹی وی  |  Feb 20, 2025

نیوزی لینڈ کے خلاف آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں انجری کا شکار ہونے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر فخر زمان کی انجری سے متعلق ٹیم مینجمنٹ کا اہم بیان سامنے آگیا۔

بدھ کو فخر زمان نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں فیلڈنگ کے دوران پہلے اوور میں ہی انجری کا شکار ہوگئے تھے۔

گھٹنے کی تکلیف کے سبب فخر کو 2 مرتبہ میدان سے باہر جانا پڑا، ٹریٹمنٹ کے بعد وہ دوبارہ میدان میں آگئے پھرانہوں نے اننگز کے آخر تک فیلڈنگ کی۔

فخر زمان نیوزی لینڈ کے خلاف اوپننگ کرنے بھی نہ آئے۔ فیلڈ سے باہر رہنے کی وجہ سے ان کو 20 منٹ انتظار کرنا پڑا اور وہ چوتھے نمبر بیٹنگ کیلئے آئے۔ لیکن وہ بیٹنگ کے دوران بھی تکلیف میں دکھائی دیے۔

اب پاکستان ٹیم مینجمنٹ کو فخر زمان کی میڈیکل رپورٹس کا انتظار ہے۔

ٹیم مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ فخر زمان کو سینے کی طرف کھنچاؤ کی شکایت ہے، ان کی میڈیکل رپورٹس کے بعد مزید کوئی فیصلہ ہوگا۔

واضح رہے کہ بدھ کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے میزبان پاکستان کو 60 رنز سے شکست دی۔

پاکستان نے اپنا اگلا میچ 23 فروری کو بھارت کے خلاف دبئی میں کھیلنا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More