انڈین ریاست آسام کے وزیراعلٰی ہمنتا بسوا شرما نے اعلان کیا ہے کہ آسام پولیس نے پاکستانی شہری علی توقیر شیخ اور دیگر کے خلاف بھارتیہ نیا سنہتا (بی این ایس) اور غیرقانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے ایکٹ (یو اے پی اے) کی متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ہمنتا بسوا شرما نے پیر کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ’کابینہ کے گذشتہ روز لیے گئے فیصلے کی روشنی میں آسام پولیس نے علی توقیر شیخ اور دیگر نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔‘اس حکومتی اقدام پر کانگریس کے صوبائی اسمبلی کے رکن گورو گوگوئی جن کی بیوی کے ’پاکستان کی خفیہ ایجنسی سے روابط‘ کا تنازع بنا ہوا ہے، نے ریاست کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ (مسائل سے) توجہ ہٹانے کی کوششیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’آسام حکومت جیسی مرضی تحقیقات کرا لے لیکن ہم جانتے ہیں کہ ہم کہاں کھڑے ہیں۔‘
آسام کے وزیراعلٰی نے اتوار کو عندیہ دیا تھا کہ کانگریس لیڈر گورو گوگوئی کی اہلیہ الزبتھ کولبرن، جو برطانوی شہری ہیں، کے پاکستانی روابط کے الزامات کی تحقیقات کے لیے پولیس کیس بھی درج کیا جا سکتا ہے۔ تاہم آسام کی کابینہ نے اتوار کو فیصلہ کیا کہ ان کے خلاف مقدمہ درج نہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ایک برطانوی شہری ہونے کے باوجود ریاستی انتخابات کی مہم میں کولبرن کی شرکت کی تحقیقات کے لیے مرکز کو لکھے گی۔ہمنتا بسوا شرما کے مطابق ’علی توقیر شیخ کے پاکستانی حکومت کے ساتھ تعلقات ہیں اور انہوں نے ماحولیاتی تبدیلی پر توجہ مرکوز کرنے والی ایک غیرمنافع بخش تنظیم لیڈ پاکستان کی بھی بنیاد رکھی۔‘انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’الزبتھ کولبرن اسلام آباد میں اپنے قیام کے دوران لیڈ پاکستان سے وابستہ تھیں۔‘گورو گوگوئی نے کہا کہ ’آسام حکومت جیسی مرضی تحقیقات کرا لے لیکن ہم جانتے ہیں کہ ہم کہاں کھڑے ہیں۔‘ (فائل فوٹو: ہندوستان ٹائمز)اس سب کے حوالے سے گورو گوگوئی نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے ان کی اہلیہ پر ’پاکستان کی خفیہ ایجنسی سے روابط‘کے الزامات اس لیے لگائے جا رہے ہیں کیونکہ ان کی حکومت ’آسام کے لوگوں سے کیے گئے اپنے ادھورے وعدوں کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔‘انہوں نے آسام کے وزیراعلٰی کے بیانات کو ’بے بنیاد، حقائق کے برعکس، بہتان پر مبنی‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت کے پاس ’دکھانے کے لیے کوئی کارکردگی‘ نہیں ہے۔