ملک بھر میں آج شب برات مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی۔
شب برأت کو لیلۃ المبارکہ اور لیلۃ الرحمۃ کے نام سے بھی موسوم کیا جاتا ہے۔ شب بھر فرزندان توحید اللہ رب العزت کے حضور گڑ گڑا کر مغفرت طلب کرتے ہیں۔ اور اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ وہ ہمیشہ کے لیے نافرمانیوں سے اجتناب برتیں گے۔
بابرکت رات میں مسلمانان کی بڑی تعداد گناہوں سے توبہ استغفار کرتے ہوئے اپنے اعمال کی اصلاح کرنے کا عہد کرتے ہیں۔ اور خالق کائنات سے دعا کرتے ہیں کہ ان کے رزق میں خیر و برکت عطا کی جائے۔ اور انہیں اور ان کے اہل خانہ کو صحت و تندرستی کی دولت سے مالا مال کرے۔
شب برات کی مناسبت سے ملک بھر کی مساجد میں خصوصی شب بیداری کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ جہاں نوافل کی ادائیگیاں ہوتی ہیں۔ دوود و سلام کی محافل کا انعقاد اور ذکر و وظائف کا اہتمام ہوتا ہے۔
مساجد میں علمائے کرام، مشائخ عظام اور مفتیان کرام شب برات کی فضیلت بیان کریں گے اور خصوصی عبادات کے حوالے سے لوگوں کو رہنماؤں بھی فراہم کی جائے گی۔
شب بیداری کے حوالے سے لوگوں نے اپنے گھروں پہ بھی اہتمام کرتے ہیں جہاں خصوصی محافل منعقد ہوتی ہیں۔
شب بیداری سے قبل بعد نماز مغرب و عشا لوگوں کی بڑی تعداد قبرستانوں کا رخ کرتی۔ جہاں وہ اپنے پیاروں، عزیز و اقارب اور دوست احباب کی قبروں پہ فاتحہ خوانی کرتے ہیں۔ شب برات کے موقع پر مساجد، مزارات اور خانقاہوں کو برقی قمقموں سے سجایا جاتا ہے۔
ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں کے قبرستانوں میں مقامی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ روشنی کے بھی انتظامات کیے جاتے ہیں۔ اور سیکیورٹی اہلکاروں کی بھی خصوصی ڈیوٹیاں لگائی جاتی ہیں۔