تنازعات کا شکار رہنے والے شیر افضل مروت کی تحریک انصاف میں اُٹھان کیسے ہوئی؟

اردو نیوز  |  Feb 12, 2025

پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے پارٹی کے سرگرم رہنما اور قومی اسمبلی کے رکن شیر افضل مروت کے خلاف انضباطی کارروائی کرتے ہوئے اُن کو پی ٹی آئی سے نکالنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

شیر افضل مروت کے حوالے سے پی ٹی آئی کے رہنما وقتا فوقتا اپنے تحفظات کا اظہار کرتے رہے ہیں۔

تحریک انصاف میں مقبولیت کے ساتھ تنازعات کا شکار رہنے والے شیر افضل مروت نے پارٹی میں شمولیت سنہ 2017 میں اختیار کی تھی اور پھر سال 2018 میں لکی مروت میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کی حمایت اور ان کے لیے انتخابی مہم میں اہم کردار ادا کیا تھا تاہم اُس وقت تک اُنہیں پارٹی میں مرکزی سطح پر کوئی بڑا عہدہ نہیں ملا تھا۔ 

 شیر افضل مروت کا خاندان سیاست میں کافی عرصے سے متحرک تھا اور ان کے والد بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیتے رہے ہیں اور ضلعی اور تحصیل کونسل کے چیئرمین بھی رہے۔

شیر افضل مروت کے بارے میں مقبول رائے یہ ہے کہ انہوں نے عمران خان کی گرفتاری کے بعد جماعت کو فعال رکھنے اور ورکز کو متحرک کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ 

پارٹی کی سینیئر نائب صدارتشیر افضل مروت کو نومبر 2023 میں پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان نے پارٹی کا سینیئر نائب صدر بنا دیا تھا۔ا ُنہیں یہ عہدہ عمران خان کی غیرموجودگی میں پارٹی کے کارکنان کو سہارا دینے کی خدمات کے عوض سونپا گیا۔

 2024میں ہونے والے عام انتخابات میں کامیابی  شیر افضل مروت نے گزشتہ سال ہونے والے عام انتخابات میں لکی مروت سے کامیابی حاصل کی اور قومی اسمبلی کے رکن بن گئے۔ وہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت میں ایک سر گرم لیڈر بن کر سامنے آئے۔ 

شیر افضل مروت کے متنازع بیانات اور شو کاز نوٹسز پاکستان تحریک انصاف کے سابق سینیئر نائب صدر شیر افضل مروت نے گزشتہ سال اپریل میں ایک دوست ملک پر پی ٹی آئی حکومت گرانے کا الزام لگایا تھا جس کو پی ٹی آئی چیئرمین نے پارٹی پالیسی کے خلاف قرار دیتے ہوئے اُن کی ذاتی رائے قرار دیا تھا۔

شیر افضل مروت پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کے خلاف بھی بیان بازی کرتے رہے ہیں۔

انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز کے کردار کو پارٹی کے لیے نقصان دہ قرار دیا تھا۔

انہی متنازع بیانات کے سبب اُنہیں گزشہ سال دو شو کاز نوٹسز جاری کیے گئے تھے۔

واضح رہے کہ شیر افضل مروت کو گزشتہ ماہ بھی بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر شو کاز نوٹس جاری کیا گیا تھا جس میں اُنہیں کہا گیا تھا کہ آپ بغیر سوچے سمجھے بولتے ہیں جس کا نتیجہ پارٹی کو بھگتنا پڑتا ہے۔ ‎شوکاز نوٹس میں شیر افضل مروت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ آپ کے بیانات کے حوالے سے عمران خان کو آگاہ کیا گیا تھا۔

بانی چیئرمین کی ہدایت کے بعد پارٹی کی جانب سے رویہ بہتر کرنے سے متعلق شو کاز نوٹس جاری کیا گیا۔

شو نوٹس کے مطابق شیر افضل مروت کو 7 دن کے اندر پارٹی کو تحریری طور پر جواب جمع کروانے کی ہدایت کی گئی تھی اور جواب نہ جمع کرانے کی صورت میں پارٹی پالیسی کے مطابق کارروائی کا انتباہ کیا گیا تھا۔

اسی شوکاز نوٹس کے ملنے کے بعد شیر افضل مروت نے دوستوں کے مشورے پر ایک دو ہفتے الیکٹرانک میڈیا سے دور رہنے کا فیصلہ کیا تھا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں انہوں نے میڈیا کے دوستوں سے درخواست کی تھی کہ وہ کسی بھی پروگرام میں شامل ہونے پر اصرار نہ کریں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More