نادرا نے ’ب‘ فارم سے متعلق اہم وضاحت جاری کرتے ہوئے افواہوں کا خاتمہ کر دیا ہے کہ پہلے سے جاری ’ب‘ فارم منسوخ ہو گئے ہیں۔ نادرا نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا پیج پر وضاحت کی کہ کوئی بھی ’ب‘ فارم جو پہلے سے بن چکا ہے، وہ منسوخ نہیں کیا گیا۔
نادرا نے مزید کہا کہ اگر آپ کے بچے کا پہلے سے ’ب‘ فارم موجود ہے اور آپ اسے پاسپورٹ بنانے کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں یا پھر 10 سے 18 سال کی عمر کے درمیان ان کا ’ب‘ فارم پہلی بار بنوانا ہے، تو آپ کو اپنے بچے کو لے کر قریبی نادرا سینٹر جانا ہوگا۔ اس کے علاوہ، والدین نادرا کی ’پاک آئی ڈی موبائل ایپ‘ کے ذریعے بھی درخواست دے سکتے ہیں۔
نادرا نے اس بات کو بھی واضح کیا کہ ’ب‘ فارم کی منسوخی سے متعلق جو افواہیں چل رہی ہیں، وہ بے بنیاد ہیں۔ مزید معلومات اور اپ ڈیٹس کے لیے نادرا کے سوشل میڈیا پیجز پر نظر رکھیں۔
’ب‘ فارم کے لیے درکار دستاویزات:
والدین کا شناختی کارڈ
بچے کا برتھ سرٹیفکیٹ
نکاح نامہ
ایف آر سی کے لیے درخواست دینے کا عمل: والدین کو کمپیوٹرائزڈ برتھ سرٹیفکیٹ کے ساتھ نادرا آفس جانا ہوگا۔ اگر والدین دونوں موجود ہوں، تو ایک والد درخواست دے گا اور دوسرا تصدیق کرے گا۔ اگر والدین میں سے کوئی ایک موجود نہ ہو، تو درخواست کی تصدیق گزیٹڈ افسر یا عوامی نمائندے سے کرانا ضروری ہوگی۔
یاد رکھیں، 10 سال یا اس سے زائد عمر کے بچوں کی تصاویر اور فنگر پرنٹس بھی لیے جائیں گے۔