لاہور: عدالت نے چیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمیشن کو نوٹس جاری کر دیا۔
لاہور ہائی کورٹ میں سی ایس ایس 2025 کے امتحان کا شیڈول جاری کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے چیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمیشن کو نوٹس جاری کر دیا۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے عبوری تحریری حکم جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ ڈپٹی اٹارنی جنرل ہدایات لے کر عدالت میں پیش ہوں۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پی ایس سی نے سی ایس ایس 2025 کے امتحان کے لیے شیڈول جاری کر دیا ہے۔ لیکن پی ایس سی نے 2024 کے سی ایس ایس امتحان کے نتائج کا اعلان نہیں کیا۔ نتائج کا اعلان کیے بغیر نیا امتحان درخواست گزاروں کے ساتھ ناانصافی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: طلبا کے حقوق متاثر ہو رہے ہیں، اس معاملے کو کوئی نہیں دیکھ رہا، اسلام آباد ہائیکورٹ
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت 2024 کے امتحان کے نتائج کا اعلان کرنے کا حکم دے۔ اور عدالت گزشتہ نتائج کے اعلان تک 2025 کے امتحانات کا انعقاد روکے۔
عدالت نے کیس کی سماعت 13 فروری تک ملتوی کر دی۔