وزیر اعظم 2 روزہ سرکاری دورے پر یو اے ای روانہ

ہم نیوز  |  Feb 10, 2025

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف آج 2 روزہ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات روانہ ہو گئے۔

ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف دورہ متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کی دعوت پر کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران وہ ورلڈ گورنمنٹ سمٹ دبئی سمٹ میں شرکت کریں گے۔ یہ سربراہی اجلاس گورننس، اختراعات اور بین الاقوامی تعاون کے مستقبل پر تبادلہ خیال کے لیے منعقد ہو رہا ہے۔ اور اس سربراہ اجلاس میں ریاستوں، حکومتوں کے سربراہان، عالمی پالیسی ساز اور نجی شعبے کی سرکردہ شخصیات کی ایک بڑی تعداد شرکت کرے گی۔

ترجمان نے کہا کہ یہ شہباز شریف کا عہدہ سنبھالنے کے بعد متحدہ عرب امارات کا دوسرا دورہ ہے۔ جبکہ وزیر اعظم کے ہمراہ اسحاق ڈار اور کابینہ کے دیگر اہم ارکان سمیت ایک اعلیٰ سطح وفد بھی ہے۔ وفد متحدہ عرب امارات و دیگر عالمی شراکت داروں کے ساتھ تعلقات کے استحکام اور پاکستان کے مضبوط عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران وزیراعظم ورلڈ گورنمنٹس سمٹ میں کلیدی خطاب کریں گے۔ خطاب میں جامع اقتصادی ترقی، ڈیجیٹل تبدیلی اور گورننس اصلاحات کیلئے پاکستان کے وژن کو اجاگر کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: عوام سڑکوں پر آئیں گے تو ایوانوں میں زلزلہ برپا ہو گا، مولانا فضل الرحمان

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم متحدہ عرب امارات کی قیادت کیساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ اور شریک ممالک کے سربراہان مملکت و حکومت اور بڑی ملٹی نیشنل کمپنیوں کے سرکردہ سربراہان سے بھی ملاقات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔ یہ تعلقات باہمی اعتماد، افہام و تفہیم اور دیرینہ باہمی مفید تعاون پر قائم ہیں۔ جبکہ متحدہ عرب امارات پاکستان کے اہم اقتصادی اور تزویراتی شراکت داروں میں سے ایک ہے۔ دونوں ممالک کا متعدد شعبوں میں مضبوط تعاون ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More