رمضان کی آمد کی خوشیوں میں اس وقت مزید تڑکا لگ جاتا ہے جب ہمیں اس مہینے تفریح سے بھرپور ڈرامہ سیریلز دیکھنے کی نوید ملتی ہے۔
گزشتہ سالوں میں ہم ٹی وی نے سنو چندا، فیری ٹیل، ہم تم، چپکے چپکے جیسے مشہورومعروف ڈرامے پیش کیے۔ یہ وہ مشہور زمانہ ڈرامے ہیں جنہوں نے قومی اور بین الاقوامی ناظرین کے دلوں میں گھر کرلیا۔ اور لوگوں کی اسی توجہ اور مانگ کی بنیاد پر دیگر چینلوں کی جانب سے بھی رمضان میں خصوصی کھیل پیش کیے جانے کا سلسلہ شروع ہوا۔ لیکن ہم ٹی وی نے ہمیشہ کی طرح اس معاملے میں بھی ہراول دستے کا کردار ادا کیا۔
اس رمضان المبارک میں ایک بار پھر ہم ٹی وی کی جانب سے ایک انتہائی دلچسپ ڈرامہ ”دل والی گلی میں“ پیش کیے جانے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ جس کے لیے ناظرین بے چینی سے منتظر نظر آ رہے ہیں۔
”دل والی گلی میں“ کہانی خدیجہ المعروف ڈیجو اور مرتضی المعروف مجی کی زندگیوں کا احاطہ کرتی ہے۔ ہنستی مسکراتی یہ کہانی درحقیقت اپنے اندر معاشرے کی کرب ناک اور تلخ حقیقتیں اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔ جہاں لوگ ایک دوسرے کا حق مارتے ہیں۔ اور حقدار اپنے حق کے حصول کے لیے دربدر کی خاک چھانتا ہے۔ لیکن اس ساری بھاگ دوڑ کے بعد بھی ان کے ہاتھ کچھ نہیں لگتا۔
ڈیجو خوبصورت دل کی مالک ایک حسین و جمیل لڑکی ہے جو خاندانی مسائل کا حل نکالنے کے لیے خاندان والوں کی مرضی کے خلاف مرضی سے شادی کرلیتی ہے۔ اس کا یہ اقدام پورے خاندان میں بھونچال لے آتا ہے۔ اور پھر شروع ہوتی ہے ایک ایسی کہانی جس کی ایک قسط دیکھنے کے بعد ناظرین دوسری قسط دیکھے بغیر نہیں رہ سکیں گے۔
حمزہ سہیل اور سجل علی کا حال ہی میں انتہائی کامیاب ڈرامہ زرد پتوں کے بن اختتام پذیر ہوا۔ اس ڈرامے میں لوگوں نے حمزہ سہیل اور سجل علی کی جوڑی کو نہایت پسند کیا۔ ڈرامے میں ان دونوں اداکاروں کی بے مثال کیمسٹری سامنے آئی۔ اسی لیے جب دل والی گلی میں کاسٹ منظر عام پر آئی تو لوگوں میں جوش کی لہر دوڑ گئی۔
حمزہ سہیل گزشتہ چند برسوں میں سامنے آنے والے وہ باصلاحیت اداکار ہیں جنہوں نے اپنے کام کی بنیاد پر لوگوں کے دلوں میں گھر کرلیا۔ 16 جولائی 1996 کو پیدا ہونے والے حمزہ سہیل معروف اداکار سہیل احمد کے صاحبزادے ہیں۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم بیکن ہاﺅس اسکول سے حاصل کی جبکہ اعلیٰ تعلیم کے لیے لندن گئے اور اپنا ایم بی اے مکمل کرکے لاہور واپس آئے۔
یہ بھی پڑھیں: بہت جلد کسی نئے پروجیکٹس میں آنے کا ارادہ ہے، حبا بخاری
حمزہ نے اپنے اداکاری کے کیریئر کا آغاز 2021 میں ڈرامہ سیریل رقیب سے کیا جب کہ لوگوں نے انہیں ہم ٹی وی کے رمضان پلے فیری ٹیل سے شناخت اور پسند کرنا شروع کیا۔ اس ڈرامے میں بہترین پرفارمنس پر انہیں نویں ہم ایوارڈز میں بیسٹ پاپولر ایکٹر اور بیسٹ پاپولر آن اسکرین کپل کا حقدار قرار دیا گیا۔
ان کے مشہور ڈراموں میں مسٹر اور مسز شمیم، صرف تم، بریکنگ نیوز اور میں ہاری پیا شامل ہیں۔ جبکہ 2023 میں انہوں نے سحر خان کے ساتھ فیری ٹیل اور فیری ٹیل ٹو اور 2024 میں سجل علی کے ساتھ زرد پتوں کا بن اور اقرا عزیز کے ساتھ برنس روڈ کے رومیو جیولیٹ میں کام کر کے عوامی پسندیدگی کی سند حاصل کر لی۔
سجل علی کی اداکاری اور ان کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ 17 جنوری 1994 میں پنجاب کے شہر لاہور میں پیدا ہونے والی سجل نے ڈرامہ سیریل نادانیاں سے 2011 میں اپنے کرئیر کا آغاز کیا۔
اس کے بعد محمود آباد کی ملکائیں، احمد حبیب کی بیٹیاں، مستانہ ماہی، میرے قاتل میرے دلدار۔ چاندنی، محبت جائے بھاڑ میں، میری لاڈلی، کینسر، ستمگر، میرے خوابوں کا دیا، قدوسی صاحب کی بیوہ میں کام کیا۔
2013 وہ سال تھا جب انہوں نے ننھی میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا کر لوگوں کو چونکا دیا، حسیب حسن کے اس ڈرامے کے لیے انہیں لکس اسٹائل ایوارڈ میں بیسٹ ٹی وی ایکٹر کا ایوارڈ دیا گیا۔
عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کے ڈرامے گوہر نایاب میں ایک یتیم بچی کے پراثر کردار کو انہوں نے کچھ یوں ادا کیا کہ لوگوں کے دلوں میں گھر کر لیا۔ اس ڈرامے کے لیے انہیں پاکستان میڈیا ایوارڈ فار بیسٹ ٹی وی ایکٹر دیا گیا۔
2014 میں برکت صدیقی کے ڈرامے قدرت، فائزہ افتخار کے لکھے ہوئے ڈرامے کہانی رائما اور مناہل کی۔ وسیم عباس کی ہدایت کاری میں لاڈوں میں پلی میں، ڈرامہ سیریل میرا رقیب اور چپکے سے بہار آجائے۔ 2015میں خدا دیکھ رہا ہے، کس سے کہوں۔ تم میرے کیا ہو، گل رعنا، چپ رہو اور میرا یار ملا دے کیا۔ ان کے ناقابل فراموش ڈراموں میں الف، صنف آہن، یقین کا سفر، رنگریزہ، آنگن اور کچھ ان کہی شامل ہیں۔
انہوں نے انگریزی فلم واٹس لو گاٹ ٹو ڈو ود اٹ، کھیل کھیل میں۔ زندگی کتنی حسین ہے اور انڈین فلم مام میں بھی کام کیا۔ ان کی ٹیلی فلمز میں عشق فار سیل، گدھ، یوں ہم ملے، ویل ان ٹائم، یقین۔ بینڈ بج گیا، بے حد، دوسرا نام، دو دانت کی محبت۔ کیا پیار ہو گیا اور او میری بلی سمیت دیگر شامل ہیں۔
آنے والے دنوں میں ہم انہیں زی فائیو کے ڈرامے دی پنک شرٹ میں دیکھ سکیں گے۔ جس کی مصنف ہیں بی گل جبکہ اس کی ہدایات دی ہیں کاشف نثار نے۔
حمزہ اور سجل کی مشہور سنجیدہ جوڑی، ہلکے پھلکے انداز میں ناظرین کا دل کس حد تک جیت سکے گی۔ اس بات کا علم تو یکم رمضان المبارک کو ہی ہو سکے گا۔ کیونکہ یہ ڈرامہ یکم رمضان المبارک سے شب 9 بجے روزانہ پیش کیا جائے گا۔
ڈرامے کو تحریر کیا ظفر معراج نے اور ڈرامے کی ہدایت کاری کے فرائض سرانجام دیئے کاشف نثار نے۔ جبکہ ڈرامہ مومنہ درید پروڈکشنز کی پیش کش ہے۔ سجل علی اور حمزہ سہیل کے علاوہ اس ڈرامے میں کئی منجھے ہوئے اداکاروں نے کام کیا ہے۔ جن میں صبا فیصل ، ثاقب سمیر، عظمیٰ حسن، منزہ عارف۔ چائلڈ اسٹار ارحم، ماہم ناز، عابد علی، عدنان علی، جنت الفردوس، گل مہربانو سمیت دیگر شامل ہیں۔
اگر آپ بھی اس رمضان اپنا موڈ خوشگوار رکھنا چاہتے ہیں۔ تو سجل اور حمزہ کے ساتھ ”دل والی گلی میں“ چلیے۔