ماورا حسین کی انڈین فلم ’صنم تیری قسم‘ سنیما گھروں میں دوبارہ ریلیز

اردو نیوز  |  Feb 09, 2025

پاکستانی اداکارہ ماورا حسین کی انڈین فلم ’صنم تیری قسم‘ دوبارہ ریلیز ہوئی ہے جس کی پہلے دن 88 ہزار ٹکٹیں فروخت ہوئیں اور اوپننگ پر اس نے پہلی ریلیز کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

انڈین شوبز ویب سائٹ ’کوئی موئی‘ کے مطابق رادھیکا راؤ اور ونے سپرو کی ہدایت کاری میں 2016 میں بننے والی اس فلم میں ہرش وردھن رانے اور ماورا حسین نے اداکاری کی ہے۔ جمعے کو ریلیز ہونے والی یہ فلم ایڈوانس فروخت کے ساتھ باکس آفس پر اچھی کارکردگی دکھا رہی ہے۔ 

سنیما گھروں میں ریلیز ہونے سے پہلے اس فلم کی ایک کروڑ 55 لاکھ انڈین روپے کی 88 ہزار ٹکٹس فروخت ہوئیں۔

یہ فلم پہلے 5 فروری 2016 کو ریلیز ہوئی تھی اور اس نے اپنے پہلے دن باکس آفس پر ایک کروڑ کمائے تھے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دوبارہ ریلیز کے لیے ٹکٹوں کی ایڈوانس فروخت پہلے ہی اس فلم کے پہلے دن کی کلیکشن کو پیچھے چھوڑ چکی ہے جب اسے 2016 میں پہلی بار ریلیز کیا گیا تھا۔

فلم کے ٹکٹوں کی کُل پری سیل ’بی ایم ایس‘ پر ایک لاکھ 11 ہزار رجسٹرڈ تھی۔ یہ 2025 میں دوبارہ ریلیز ہونے والی فلم ’یہ جوانی ہے دیوانی‘ سے تقریباً 168 فیصد زیادہ ہے۔ ’یہ جوانی ہے دیوانی‘ نے دوبارہ ریلیز ہونے سے پہلے بی ایم ایس پر 41 ہزار 52 ٹکٹ فروخت کیے تھے۔ رنبیر کپور اور دیپیکا پاڈوکون کی فلم نے باکس آفس پر ایک کروڑ 15 لاکھ سے کیا اور کُل تقریباً 19 کروڑ کمائے۔

واضح رہے کہ جمعرات کو پاکستانی اداکارہ ماورا حسین اپنے ساتھی اداکار امیر گیلانی کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئی ہیں۔ ان کی شادی کا فوٹو شُوٹ لاہور کے قلعے میں منعقد ہوا۔

دونوں مقبول پاکستانی ڈراموں ’ثبات‘ اور ’نیم‘ میں ایک ساتھ کام بھی کر چکے ہیں، کافی عرصے سے ایک دوسرے کے ساتھ دیکھے جا رہے تھے۔

 اداکارہ ماورا حسین نے دلہن کے لباس میں اپنے شوہر کے ساتھ تصاویر سوشل میڈیا ایپ ’انسٹاگرام‘ پر شیئر کرتے ہوئے نکاح کی تصدیق کی۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More