کراچی: دن میں ڈمپر کے داخلے پر پابندی عائد

ہم نیوز  |  Feb 09, 2025

کراچی: سندھ حکومت نے دن کے اوقات میں شہر میں ڈمپر کے داخلے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر چیف سیکرٹری سندھ کی زیرصدارت ٹریفک حادثات پر اجلاس ہوا۔ جس میں آئی جی سندھ پولیس، کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی کراچی، سیکرٹری ٹرانسپورٹ سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران دن کے اوقات میں شہر میں ڈمپر کے داخلے پر پابندی کا فیصلہ کیا۔ اور ڈمپرز کو رات 11 سے صبح 6 بجے تک شہر میں داخلے کی اجازت ہو گی۔

سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو بھی 3 ماہ میں آپریشن رات کو کرنے کا حکم دے دیا گیا۔ شہر میں چلنے والی تمام بڑی گاڑیوں اور ڈرائیورز کے فزیکل ویری فکیشن کا فیصلہ کیا گیا۔

شہر میں تمام گاڑیوں کے پاس محکمہ ٹرانسپورٹ سے کیو آر کوڈ لگا سرٹیفکیٹ ہونا بھی لازمی قرار دیا گیا۔

چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے واٹر بورڈ کے تمام واٹر ٹینکرز کی ایک ماہ میں انسپکشن کی ہدایت کر دی۔ جبکہ موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ پہنے کی ہدایت اور ٹریفک پولیس کو انفورسمنٹ بڑھانے کی ہدایت کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: گورنر سندھ نے ڈمپرز مافیا کیخلاف سڑکوں پر نکلنے کا اعلان کر دیا

چیف سیکریٹری سندھ نے محکمہ اطلاعات کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی کے لیے مہم چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں بڑھتے حادثات پر سخت اقدامات ضروری ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ لاپروائی سے ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی۔ حادثات کی بڑی وجہ ہیوی ٹریفک کے بنائے گئے قانون پرعملدرآمد نہ ہونا ہے۔

سندھ حکومت نے صوبے میں وہیکل انسپکشن اینڈ سرٹیفکیشن سسٹم شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔ جبکہ چیف سیکریٹری سندھ نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو وہیکل انسپکشن اینڈ سرٹیفکیشن سسٹم شروع کرنے کا حکم دے دیا۔

ٹریفک پولیس نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ شہر میں چلنے والی گاڑیوں میں 65 فیصد موٹر سائیکل ہیں۔

چیف سیکرٹری سندھ نے ڈی آئی جی ٹریفک کو ایک ماہ کے اندر ٹریفک حالات بہتر کرنے حکم دیتے ہوئے کہا کہ تمام اقدامات کے پیش نظر ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے۔ ٹریفک چالان کو بھی 4 گنا بڑھانے کی ہدایت کر دی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More