لاہور: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امید ہے قومی کھلاڑی ہمسائیہ ملک کو شکست دے کر قوم کے دل جیتیں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے قذافی اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کی افتتاح تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم سب کے لیے بہت خوشی کا دن ہے۔ اور قذافی اسٹیڈیم کی تعمیر نو شاندار طریقے سے مکمل ہوئی۔ قذافی اسٹیڈیم کی تعمیر نو کے لیے سب نے ایک ٹیم ہو کر کام کیا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سب نے محسن نقوی کی نگرانی میں ناممکن کام کو ممکن کر دکھایا۔ اور جو اچھا کام کرتے ہیں محسن نقوی ان کو لندن کی سیر کراتے ہیں۔ اب محسن نقوی ان 2500 افراد کو بھی لندن کی سیر کرائیں۔ شہباز اسپیڈ ماضی کی بات ہے اب محسن اسپیڈ کی بات کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اسٹیڈیم کی تعمیر میں پی سی بی کی بھرپور مدد کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب اور حکومت پنجاب کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔ مجھے امید ہے قومی ٹیم چیمپئنز ٹرافی جیتے گی۔ اور امید ہے آپ ہمسایہ ملک کو شکست دے کر قوم کے دل جیتیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: سابق کھلاڑی تنقید کرتے ہیں تو ہمیں سکھاتے بھی ہیں، محمد رضوان
شہباز شریف نے کہا کہ ڈی جی ایف ڈبلیو او بہت اچھے طریقے سے ادارے کو چلا رہے ہیں۔ اور میں اپنے کھلاڑیوں کو دل کی گہرائیوں سے شاباش اور مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ قومی ٹیم نے حالیہ مہینوں میں بہت اعلیٰ کرکٹ کھیلی۔ چیمپئنز ٹرافی جیت کر آپ پوری قوم کے ہیروز ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ بابر اعظم اور محمد رضوان سے بہت امیدیں ہیں۔ جبکہ شاہین آفریدی آپ نے شاہد آفریدی کے نقش قدم پر چلنا ہے۔ اور چیمپئنز ٹرافی اب آپ کی جیت کی منتظر ہے۔ آپ بہت ہونہار کھلاڑی ہیں۔ اور ہم سب آپ کے لیے دعاگو ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہم سب اس وقت کا انتظار کریں گے جب آپ بھارت کو شکست دیں گے۔ دبئی میں مجھے بھی آپ لے چلیں میں وہاں آپ کی بیٹنگ اور باؤلنگ دیکھوں گا۔ آفریدی صاحب آپ نے وکٹوں کے انبار لگانے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈینس للی کی گیند کی طرح مہنگائی بھی تیزی سے بڑھ رہی تھی۔ تاہم ملک میں معاشی استحکام ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔