رمضان شوگر ملز کیس: اینٹی کرپشن عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو بری کر دیا

اردو نیوز  |  Feb 06, 2025

رمضان شوگر ملز ریفرنس میں لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز کو بری کر دیا ہے۔

لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت کے جج سردار محمد اقبال ڈوگر نے وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس پر سماعت کی۔ عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی بریت پر فیصلہ محفوظ کیا تھا جو آج سنا دیا گیا ہے۔ 

جج سردار محمد اقبال ڈوگر نے ریمارکس دیے کہ مدعی مقدمہ اس کیس سے پیچھے ہٹ چکا ہے، شہادتوں کا جائزہ لیں تو بھی سزا کا امکان نہیں ہے لہٰذا عدالت ملزمان کی بریت کی درخواستیں منظور کرتی ہے۔

شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے وکیل امجد پرویز نے مؤقف اختیار کیا کہ رکن پنجاب اسمبلی مولانا رحمت اللہ کی درخواست پر گندے نالے کے لیے ڈائریکیٹو جاری کیا گیا۔ اس پراجیکٹ کو پنجاب اسمبلی نے منظور کیا۔ ڈائریکٹو کے اجرا میں حمزہ شہباز کا کوئی کردار نہیں مفروضوں پر بات نہیں ہو سکتی۔

وکیل امجد پرویز نے کہا انجینیئر نے یہ نتیجہ نکالا تھا کہ گندہ نالہ رمضان شوگر ملز کو فائدہ دینے کے لیے لگایا گیا ہے، یہ کیس سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا ہے اس میں گواہوں کو طلب کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

پراسکیوشن کے محمد وسیم نے دلائل میں کہا کہ ہمارے پاس کوئی ایسا گواہ نہیں ہے جسے پیش کرنا ہے۔ تمام گواہان کے بیانات ریکارڈ ہو چکے ہیں۔ تمام شواہد فائل کے ساتھ لگائے ہوئے ہیں۔ اس کیس میں سات گواہان کے بیانات ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

ابتدا میں یہ کیس نیب نے بنایا اور اس کا ریفرنس احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔ بعد ازاں نیب قانون میں ترمیم کے بعد اس کیس کو اینٹی کرپشن عدالت میں چلایا گیا۔

خیال رہے کہ اس کیس میں وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز پر 6 اگست 2020 کو احتساب عدالت میں فرد جرم عائد کی گئی تھی۔ اُس وقت اس کیس میں نامزد ملزمان شہباز شریف ملک کے اپوزیشن لیڈر اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تھے۔ انہیں جیل سے لا کر عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔

عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو رمضان شوگر ملز کیس میں بری کر دیا۔ فوٹو: اے ایف پی

وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز پر نیب کے بنائے گئے ریفرنس کے مطابق حمزہ شہباز رمضان شوگر ملز کے سی ای او ہیں۔ ملزم نے ایم پی اے مولانا رحمت اللہ سے درخواست دلوا کر قومی خزانے کو نقصان پہنچایا ہے۔ رمضان شوگر ملز کے لیے تحصیل بھوانہ کے قریب 36 کروڑ روپے سے مقامی آبادیوں کے نام پر نالہ تعمیر کیا گیا۔

ریفرنس میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومتی محکموں نے شہباز شریف، حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کی خوشنودی کے لیے مقامی آبادیوں کے فنڈز رمضان شوگر ملز کے لیے استعمال کیے۔ قانون عوامی نمائندوں کو اپنے دائرہ اختیار میں رہ کر کام کرنے کی اجازت دیتا ہے، تجاوز کی نہیں۔

نیب کیس کے مطابق حمزہ شہباز نے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا اور اس کا فائدہ ملزم نے حاصل کیا۔

تاہم وکلا صفائی کا مؤقف ہے کہ اس پراجیکٹ کی منظوری صوبائی کابینہ اور صوبائی اسمبلی نے دی تھی، اور یہ کہ حمزہ شہباز کے خلاف ضابطہ فوجداری کی دفعہ 161 کے تحت ایک بھی بیان صفحہ مثل پر موجود نہیں ہے جب کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف سیاسی بنیادوں پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے فرد جرم عائد ہونے کے وقت عدالت کے روبرو اپنے بیان میں کہا تھا کہ انہوں نے پنجاب کے عوام کی خدمت کی اور جو کیس ان پر بنایا گیا وہ ایک بڑے دیہی علاقے کو پختہ سڑک فراہم کرنے کا کیس ہے۔

 شہباز شریف نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا تھا کہ وہ سرکاری پیسے سے ٹی اے ڈی اے تک نہیں لیتے، گندے نالے کی رقم کا انہوں نے کیا ہی کرنا تھا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More