صدر آصف علی زرداری نے چینی وزیراعظم لی چیانگ سے گریٹ ہال آف دی پیپلز میں ملاقات کی۔
اس ملاقات میں دونوں رہنما ؤں نے دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال ہوا، ملاقات میں پاک چین اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے پر بھی بات کی گئی۔
اس ملاقات میں قابل تجدید توانائی، سائنس و ٹیکنالوجی، انفراسٹرکچر اور زرعی شعبوں میں تعاون کے فروغ پر غور کیا گیا جبکہ اقتصادی تعاون بڑھانے کیلئے نجی شعبے اور کاروباری برادری میں روابط بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
اس موقع پر صدر آصف علی زرداری کے ساتھ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی موجود تھے۔اس موقع پر صدر پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان پائیدار اور گہری آل ویدر سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنر شپ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی ایجنڈے کیلئے چین کی مسلسل حمایت پر شکر گزار ہیں، علاقائی روابط اور اقتصادی ترقی کے لئے سی پیک منصوبہ بہت اہمیت کا حامل ہے۔
بلاول بھٹو کی ڈونلڈ ٹرمپ کے دعائیہ ناشتے کی تقریب میں شرکت
بعد ازاں بیجنگ میں پاکستان اور چین کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی، تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اورشرجیل میمن بھی موجود تھے۔
ٹھٹھہ سیمنٹ کمپنی اور چنگ گانگ کنسٹرکشن گروپ کے درمیان ایم یو پر دستخط ہوئے، پاکستان میں سیمنٹ کی پیداوار میں اضافے کیلئے پروڈکشن لائن لگائی جائے گی۔
اس کے علاوہ محکمہ توانائی اور چین کی منگ یانگ قابل تجدید توانائی کمپنی کے درمیان یادداشت پربھی دستخط کئے گئے، اس کے تحت پاکستان میں قابل تجدید توانائی کے مختلف منصوبوں پر تعاون کیا جائے گا۔
سندھ اور چینی کمپنی کے درمیان کوئلے اور یوریا کے پیداواری پلانٹ منصوبے کی یاد داشت پر بھی دستخط کئے گئے۔