پاکستان اور چین کے صدور کی ملاقات، ’عسکریت پسند ہمارے تعلقات کو متاثر نہیں کر سکتے‘

اردو نیوز  |  Feb 06, 2025

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ’عسکریت پسند چین کے ساتھ ہمارے تعلقات کو متاثر نہیں کر سکتے۔‘

صدر آصف زرداری نے بدھ کو چنی صدر شی جن پنگ سے اپنی گفتگو کے ابتدائیے میں کہا کہ ’جتنی دہشت گردی ہو، دنیا میں کچھ بھی ہو جائے، میں اور پاکستان کے عوام چینی عوام ساتھ کھڑے ہوں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’پاکستان اور چین کی دوستی میں کئی طرح کے اتار چڑھاؤ آتے رہے لیکن عسکریت پسندوں کے حملوں کی وجہ سے اس میں دراڑ نہیں آئی۔‘

ایوان صدر سے جاری کردہ بیان کے مطابق صدر آصف علی زرداری کی بیجنگ میں چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات میں صدر پاکستان نے مشترکہ مستقبل کی پاک چین کمیونٹی کو مضبوط بنانے کے لیے عوامی روابط اور ثقافتی تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ پاک چین اقتصاری راہدری سے علاقائی روابط، مشترکہ فوائد اور خوشحالی کو فروغ حاصل ہو گا۔

بیان کے مطابق ’صدر مملکت آصف علی زرداری کی چین کے عظیم عوامی ایوان میں چین کے صدر شی جن پنگ کے ساتھ وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی اور دوطرفہ تعلقات کے حوالہ سے مثبت رفتار اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔‘

ملاقات سے قبل صدر آصف علی زرداری کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا اور چین کے عظیم عوامی ایوان میں آمد پر صدر شی جن پنگ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

صدر آصف زرداری اور چینی صدر کی ملاقات میں مشترکہ دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر بھی گفتگو کی گئی۔ دونوں صدور نے دوطرفہ شراکت داری کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا اور بنیادی دلچسپی کے امور پر ایک دوسرے کی حمایت کا اعادہ کیا۔

صدر آصف زرداری کی چین کے عظیم عوامی ایوان میں صدر شی جن پنگ کے ساتھ وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی (فوٹو: اے ایف پی)اس موقعے پر صدر نے گفتگو کے دوران چین کے ساتھ سدا بہار تزویراتی تعاون کی شراکت داری کے لیے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ صدر مملکت نے دونوں ممالک کے مابین منفرد، آزمودہ اور خصوصی تعلقات کو اجاگر کیا اور بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے تحت عالمی ترقی میں چین کے گہرے تعاون پر صدر شی جن پنگ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

ایوان صدر کے بیان کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے چین کے صدر شی جن پنگ کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت صدر شی جن پنگ کو ایک وژنری رہنما اور پاکستان کے خاص دوست کے طور پر انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

ملاقات کے بعد مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔ تقریب میں سائنس اور ٹیکنالوجی، میڈیا، توانائی اور سماجی و اقتصادی ترقی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More