خیبر پختونخوا کے سیاحتی علاقوں میں برف باری، سردی میں اضافہ

اردو نیوز  |  Feb 04, 2025

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع چترال، کالام اور اپر دیر میں گزشتہ رات سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔

خیبرپختونخوا میں پیر کی رات سے ضلع چترال اور کالام میں ایک انچ تک برفباری ہوئی ہے جبکہ کمراٹ اور ناران کے مقامات پر بھی برف پڑی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے تک وقفے وقفے سے بالائی علاقوں میں برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ پشاور ، صوابی ، نوشہرہ مردان اور کوہاٹ میں موسم سرد اور ابر آلود رہے گا۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ سردی اپر سوات اور دیر میں ریکارڈ کی گئی۔ 

کم سے کم درجہ حرارت کالام منفی پانچ ریکارڈ کیا گیا ہے تاہم بالائی علاقوں میں موسم کی شدت میں مزید اضافے کاامکان ہے۔

سیاحتی مقامات میں مزید برف باری کے امکان کے پیش نظر ٹوارزم اتھارٹی نے سیاحوں کے لیے ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں کالام، ناران، سوات، چترال اور کمراٹ میں برف باری کے دوران سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ترجمان محکمہ سیاحت کے مطابق تمام شاہراہیں کھلی ہیں، برف باری کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر نہیں ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ کالام میں سیاحوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر ٹورازم پولیس کی نفری میں اضافہ کیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More