ایوب کھوسو کا بولی وڈ سے متعلق سنسنی خیزانکشافات

سچ ٹی وی  |  Feb 04, 2025

مقبول اداکار ایوب کھوسو نے کہا ہے کہ پاکستان کے مقابلے بولی وڈ میں پروفیشنل ازم زیادہ ہے، وہاں کے لوگ کام کو عبادت سمجھ کر کرتے ہیں۔

ایوب کھوسو نے حال ہی میں ایک پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

پروگرام کے دوران بات کرتے ہوئے اداکار نے انکشاف کیا کہ ایک بار ایک ٹی وی چینل نے انہیں روایتی کہانی پر مشتمل ڈرامےمیں کام کی پیش کش کی لیکن شرط رکھی کہ وہ اپنا حلیہ تبدیل کریں۔

اداکار کے مطابق جب انہوں نے اپنے کردار اور کہانی کو دیکھا تو انہوں نے ٹی وی چینل کو کہا کہ ان کی کہانی اور کردار روایتی ہیں، وہ اس کے لیے اپنا حلیہ تبدیل نہیں کریں گے، جس کےبعد ان کی جگہ کسی اور کو کاسٹ کرلیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ کردار کے لیے اپنا حلیہ تبدیل کرنے کو تیار رہتے ہیں لیکن شرط یہ ہوتی ہے کہ کہانی اچھی ہونی چاہیے یا پھر انہیں اتنا زیادہ معاوضہ دیا جائے کہ وہ اپنا سب کچھ تبدیل کریں۔

ایک سوال کے جواب میں ایوب کھوسو کا کہنا تھا کہ اگر انہیں شوبز انڈسٹری میں کچھ چیزیں تبدیل کرنے کا موقع ملے تو وہ ٹی وی چینلز کو پابند بنائیں گے کہ وہ کاپی شدہ کہانیوں پر ڈرامے نہ بنائیں بلکہ اپنی حقیقی کہانیوں پر کام کریں۔

انہوں نے کہا کہ آج کل ہر جگہ کاپی اور پیسٹ والا کام نظر آتا ہے، کہانیاں اور کردار ختم ہو چکے ہیں، ڈرامے کو ایک کمرے میں بند کردیا گیا ہے۔

ایوب کھوسو کے مطابق ماضی میں پاکستانی ڈراموں، اداکاروں اور کہانیوں کا چرچہ رہتا تھا، پڑوسی ملک (بھارت) ہماری کہانیوں کو کاپی کرتا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی مں شاندار پاکستانی فلموں کو بھی کاپی کیا جب کہ ٹی وی شوز اور مزاحیہ پروگراموں کو بھی پڑوسی ملک والے کاپی کرتے تھے لیکن اب ہم انہیں کاپی کرتے ہیں۔

اداکار نے کہا کہ اگر انہیں موقع ملے تو وہ ٹی وی چینلز والوں کو پابند کریں گے کہ وہ چاروں صوبوں اور ملک کے تمام علاقوں کی کہانیوں پر ڈرامے بنائیں، جس طرح ماضی میں ہوتا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں اگر کوئی بھی اداکار ایک کردار ادا کرتا تھا تو دوبارہ اس طرح کا کردار ہی تخلیق نہیں ہوتا تھا، اگر کسی نام سے کوئی ڈراما بن جاتا تھا تو پھر کبھی اس نام کا دوسرا ڈراما نہیں بنتا تھا لیکن اب ایسا نہیں ہوتا، اب ایک ہی اداکار ایک جیسے کردار کرتا چلا جاتا ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نےبولی وڈ کے پروفیشنل ازم کی تعریفیں کیں اور وہاں اپنے کام کے تجربے کو شاندار قرار دیا۔

ایوب کھوسو کے مطابق بولی وڈ کے لوگ کام کو عبادت کی طرح کرتے ہیں، وہاں تمام افراد کے ساتھ ہر کسی کا رویہ پیشہ ورانہ ہوتا ہے، بد قسمتی میں پاکستان میں ایسا نہیں ہوتا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More