وزیر اعظم شہباز شریف کی یوٹیلٹی اسٹورز کے بغیر رمضان پیکیج لانے کی ہدایت

سچ ٹی وی  |  Feb 04, 2025

وزیر اعظم شہباز شریف نے یوٹیلٹی اسٹورز کے بغیر رمضان پیکیج لانے کی ہدایت کردی۔ وفاقی کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوچکا ہے، پولیو کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں، جمرود میں پولیو ٹیم پر حملہ افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا بلوچستان میں دہشتگردوں سے لڑتے ہوئے زخمی ہونے والے جوانوں کی عیادت کی، فوج، ایف سی، رینجرز اور پولیس کے جوان جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں، ماضی کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے جوان آج قربانیاں پیش کررہے ہیں، ماضی میں سیکڑوں دہشتگردوں کو چھوڑا گیا کہ اس سے امن قائم ہوگا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مہنگائی 9سال کی کم ترین سطح پرہے، جنوری میں مہنگائی کی سطح 2.4 فیصدپر آچکی ہے، وزیرخزانہ، ان کی ٹیم اور ایف بی آر کا شکریہ ادا کرتا ہوں، پوری کوشش ہے ہم معاشی ترقی کی طرف بڑھیں، جس طرح دوسرے اہداف حاصل کیے معاشی ترقی کا ہدف بھی حاصل کریں گے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ سعودی عرب نےتیل درآمد پر ایک سال کے لیے 1.2ارب ڈالرمؤخر ادائیگی کی سہولت دی، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں سمجھوتے خوش آئند ہیں، کنگ سلمان اسپتال کے لیے 4 کروڑ ڈالر کی گرانٹ کی منظوری دی۔

انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں سے ایگری کلچر ٹیکس کی منظوری ہوگئی ہے جس پر تمام وزارائے اعلیٰ کا شکر گزار ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ سال رمضان میں بے پناہ شکایات تھیں، اس بار مائنس یوٹیلیٹی اسٹورز رمضان پیکج لانے کی ہدایت کی ہے تاکہ کرپشن کو روکا جاسکے ، اس کے لیے وزارت فوڈ سکیورٹی کو ذمہ داری دےدی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More