چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان بمقابلہ انڈیا ’صرف ایک میچ ہی کی طرح ہوگا‘، روہت شرما

اردو نیوز  |  Feb 02, 2025

پاکستان نے انڈیا کے خلاف آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی مقابلوں میں اب تک پانچ میچ کھیلے ہیں جن میں سے 3 میں کامیابی حاصل کی ہے، ہر چند کہ 50 اوور کے ورلڈکپ میں آج تک دونوں ملکوں کی ٹیموں کے مابین جتنے بھی میچز کھیلے گئے ہمیشہ انڈین ٹیم ہی فاتح رہی ہے۔

انڈین ایکسپریس اخبار کے مطابق انڈیا کی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ اُن کی ٹیم ماضی کے ریکارڈ کو غیرضروری طور پر سامنے نہیں رکھے گی اور اپنا کھیل پیش کرے گی۔

ممبئی میں نمن ایوارڈز کی تقریب کے دوران بات کرتے ہوئے انڈین کپتان نے کہا کہ ’میرے خیال میں پچھلے دو یا تین برسوں کے دوران میں نے پاکستان انڈیا کے میچز کے بارے میں بہت کچھ کہا ہے۔ یہ ہمارے لیے صرف ایک کھیل ہے۔ ہم کوشش کریں گے اور وہ کریں گے جو کسی بھی کرکٹ ٹیم کو اس مخصوص دن کرنے کی ضرورت ہے۔ ہم صرف وہاں اپنا کھیل دکھانا چاہتے ہیں اور اچھی طرح سے دکھانا چاہتے ہیں۔‘

روہت شرما نے کہا کہ انڈیا گزشتہ برس جون میں جیتے گئے ٹی20 ورلڈ کپ کے ساتھ اب ایک اور آئی سی سی ٹرافی جیتنے کے 11 سال کے طویل انتظار کو ختم کرنے کا منتظر ہے۔

روہت شرما اُس انڈین ٹیم کے رکن تھے جس نے ایم ایس دھونی کی قیادت میں 2013 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل جیتا تھا۔ ایک کھلاڑی کے طور پر ان کے لیے ٹک کرنے کے لیے شاید اب کوئی باکس نہیں بچا لیکن بطور کپتان وہ 50 اوورز کے بین الاقوامی کرکٹ کی ٹرافی اپنے ملک لانے کے خواہشمند ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اب ہر سال آئی سی سی ٹرافی جیتنے کا موقع میسر آتا ہے۔ ’ہم جانتے ہیں کہ اب آئی سی سی ٹرافی ہر سال آتی ہے۔ لہذا آپ کے پاس پیڈل سے پاؤں ہٹانے کا کوئی وقت نہیں۔ آپ ہمیشہ اس چیلنج کے لیے تیار رہنا چاہتے ہیں۔ ہم نے حال ہی میں T20 ورلڈ کپ ختم کیا، جو ہمارے لیے شاندار تھا۔ اب ہم ایک اور کے منتظر ہیں۔‘

انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان کے خیال تیاریاں جاری ہیں۔ ’ہر کوئی اپنے انداز میں تیار ہو رہا ہے۔ بہت سے لڑکے ڈومیسٹک کرکٹ کھیل رہے ہیں، اور بہت سے لوگ انٹرنیشنل کرکٹ بھی کھیل رہے ہیں۔ تو جب وقت آتا ہے، تو یہ صرف آپ کے ذہن پر ہے کہ وہ درست جگہ توجہ مرکوز کرے کہ ہم نے آگے یہ کرنا ہے۔‘

ممبئی میں بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ اِن انڈیا (بی سی سی آئی) کے سالانہ ایوارڈ کی تقریب میں کوچ گوتم گمبھیر نے بھی پاکستان سے میچ کو دوسری ٹیموں سے میچز سے زیادہ اہم قرار نہیں دیا۔

انہوں نے سٹار سپورٹس سے گفتگو میں کہا کہ ’ہم چیمپئنز ٹرافی میں یہ سوچ کر نہیں جاتے کہ 23 ​​تاریخ ہمارے لیے سب سے اہم کھیل ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ پانچوں میچز، تمام میچز اہم ہیں۔‘

انڈین کوچ کا کہنا تھا کہ ’دبئی جانے کا مشن چیمپئنز ٹرافی جیتنا ہے نہ کہ صرف ایک خاص میچ جیتنا۔ لیکن ہاں، اگر یہ چیمپئنز ٹرافی جیتنے کے لیے ایک میچ ہے تو ہم اسے ممکنہ حد تک سنجیدگی سے لینے کی کوشش کریں گے۔ اور اس سے بھی اہم بات، میں سمجھتا ہوں کہ جب انڈیا اور پاکستان ایک دوسرے کے خلاف کھیلتے ہیں، ظاہر ہے کہ جذبات واقعی بہت زیادہ ہوتے ہیں، لیکن ہوتا وہ ایک میچ ہی ہے۔‘

انڈین ٹیم اگلے ہفتے سے ہوم گراؤنڈ پر انگلینڈ کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز کھیل کر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی تیاری کرے گی۔

یہ سیریز 6 فروری کو ناگپور کے ودربھ کرکٹ ایسوسی ایشن سٹیڈیم میں شروع ہوگی، اور کٹک اور احمد آباد 9 اور 12 فروری کو اگلے دو میچوں کی میزبانی کریں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More