قومی ٹیم کے اسپنر نعمان علی اپنے ٹیسٹ کیرئیر میں دوسری بار 10 وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ سرانجام دیدیا۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ملتان میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کے 38 سالہ اسپنر نعمان علی نے محض 19 میچوں میں دوسری بار ایک ٹیسٹ میں 10 وکٹیں لینے کا کارنامہ سرانجام دیا۔
لیفٹ آرم اسپنر نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 6 وکٹیں حاصل کیں جس میں تاریخی ہیٹ ٹرک بھی شامل تھی جب کہ دوسری اننگز میں انہوں نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یاد رہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے ہیٹ ٹرک کرنے والوں میں وسیم اکرم، عبد الرزاق، محمد سمیع اور نسیم شاہ شامل ہیں جب کہ نعمان علی اس فہرست میں شامل ہونے والے پہلے اسپنر ہیں۔
اس سے قبل، نعمان علی نے گزشتہ سال اکتوبر میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران پہلی بار ایک میچ میں 10 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔
پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ میچ میں سب سے زیادہ بار 10 وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز سابق کپتان عمران خان کو حاصل ہے، انہوں نے 6 مرتبہ کسی میچ میں 10 وکٹیں حاصل کیں۔
اس کے علاوہ، وقار یونس، عبدالقادر، وسیم اکرم 5،5 بار یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں، فضل محمود اور سعید اجمل 4،4 جب کہ مشتاق احمد، ثقلین مشتاق اور یاسر شاہ 3،3 بار ٹیسٹ میچ میں 10 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
واضح رہے کہ نعمان علی 19 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 83 وکٹیں حاصل کی ہیں جس میں 2 بار 10 وکٹیں اور 8 بار 5 وکٹیں حاصل کیں۔