پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ کے دوسرے دن کے کھیل کا اختتام ہو گیا ہے۔اتوار کو ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں ویسٹ انڈیز کے 254 رنز کے تعاقب میں پاکستان نے چار وکٹوں کے نقصان پر 76 رنز بنائے۔
سعود شکییل 13 اور کاشف علی ایک رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ پاکستان کو ہدف کے حصول کے لیے 178 رنز درکار ہیں۔
پیر کو میچ کے تیسرے روز کے کھیل کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے نو بجے ہو گا۔
اس سے قبل میچ کے پہلے روز کے اختتام پر پہلی اننگز میں پاکستان کی پوری ٹیم 154 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی جبکہ ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 163 رنز بنائے تھے۔پاکستان میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا تھا کہ میچ کے پہلے روز ہی 20 وکٹیں گر جائیں۔پاکستان کی دوسری اننگزپاکستان نے اپنی اننگز کا انتہائی مایوس کن آغاز کیا۔ کپتان شان مسعود اور محمد ہریرہ کریز پر اترے تو اننگز کے دوسرے اوور کی پہلی گنید پر شان مسعود دو رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔اس کے چند لمحوں بعد محمد ہریرہ نے بھی ناقص کاکردگی دکھاتے ہوئے وکٹ گنوا دی، یوں پانچ کے مجموعی سکور پر پاکستان ٹیم کے اوپنرز پویلین لوٹ گئے۔پاکستان کو ہدف کے حصول کے لیے 178 رنز درکار ہیں (فوٹو: اے ایف پی)ون اور ٹو ڈاؤن آنے والے کامران غلام اور بابر اعظم نے وکٹیں سنبھالی تو لگا کہ شاید پاکستان میچ میں کم بیک کر سکے لیکن کامران غلام نے غیر سنجیدہ شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وکٹ گنوا دی۔ انہوں نے 19 انفرادی رنز بنائے۔ون ڈاؤن آنے والے بابر اعظم بھی کوئی خاص کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے، وہ 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔یوں 254 رنز کے تعاقب میں پاکستان کے چار کھلاڑی 74 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز
ویسٹ انڈیز نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو اوپنر میکائل لوئس اور کپتان کریگ براتھ ویٹ نے 50 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ ویسٹ انڈیز کو پہلا نقصان میکائل لوئس کی صورت میں ہوا، وہ سات رنز بنا کرنعمان علی کی گیند پر شان مسعود کو کیچ تھما بیٹھے۔
ویسٹ انڈیز کو دوسرا نقصان کپتان کریگ براتھ ویٹ کی صورت میں اس وقت اٹھانا پڑا جب ٹیم کا مجموعی سکور 92 تھا، وہ 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
عامر جنگو بھی 106 کے مجموعی سکور پر 30 انفرادی رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد کیوم ہوج 15، ایلک اتھانزے چھ، جسٹن گریوز 10، کیون سنکلیئر 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ویسٹ انڈیز نے دوسری اننگز میں 244 رنز بنائے (فوٹو: اے ایف پی)
ویسٹ انڈیز کی جانب سے گوداکیش موتی اور جومیل وریکان 18،18 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے جبکہ کیمار روچ چار رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے نعمان علی اور ساجد خان نے چار، چار جبکہ ابرار احمد اور کاشف علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پہلا روز
ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام تک دونوں ٹیمیں اپنی پہلی پہلی اننگز مکمل کرچکی تھیں، پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں انتہائی مایوس کن کھیل پیش کیا۔
کپتان شان مسعود 15، کامران غلام 16، محمد ہریرہ 9 اور بابراعظم محض ایک رن بناکر پویلین لوٹے، پانچویں وکٹ پر سعود شکیل اور محمد رضوان نے 68 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔
سعود شکیل 32 کے انفرادی سکور پر وکٹ گنوا بیٹھےجبکہ محمد رضوان 49 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
ان کے علاوہ نعمان علی صفر، سلمان آغا 9، ابرار احمد 2 اور کاشف علی بھی صفر پر آؤٹ ہوئے۔
بابر اعظم ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے (فوٹو: اے ایف پی)
ویسٹ انڈیز کی جانب سے جومل واریکن نے 4، گڈاکیش موتی نے 3 اور کیمار روچ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
قبل ازیں ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 163 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی، پاکستانی سپنرز نے محض ایک گھنٹے میں ویسٹ انڈیز کے سات بیٹرز کو پویلین روانہ کیا۔
کپتان کریگ براتھ 9، میکل لیوس 4، جسٹن گریوز ایک، عامر جینگو، ایلک اتھاناز، ٹیون املاچ اور کیون سنکلیئر صفر پر پویلین روانہ ہوئے۔
مڈل آرڈر بیٹر کیویم ہوج 21 اور کیمار روچ 25 رنز کے مہمان ثابت ہوئے تاہم گڈاکیش موتی نے 55 اور جومل واریکن 36 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے ہیٹرک مکمل کرتے ہوئے 6، ساجد خان نے 2 جبکہ ابرابر احمد اور ڈیبیو کرنیوالے کاشف علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں ویسٹ انڈین کپتان کریگ براتھویٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
نعمان علی ٹیسٹ فارمیٹ میں ہیٹرک کرنے والے پہلے پاکستانی سپنر ہیں (فوٹو: پی سی بی)پاکستان کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے پاکستان کی ٹیم میں شان مسعود (کپتان)، محمد ہریرہ، بابر اعظم، کامران غلام، سعود شکیل، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، ساجد خان، نعمان علی، کاشف علی اور ابرار احمد شامل ہیں۔
ویسٹ انڈیز کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے ویسٹ انڈیز کی پلیئنگ الیون میں کریگ براتھ ویٹ (کپتان)، میکائل لوئس، عامر جنگو، کیوم ہوج، ایلک اتھانزے، جسٹن گریوز، ٹیوِن املاچ، کیون سنکلیئر، گوداکیش موتی، جومیل وریکان اور کیمار روچ شامل ہیں۔