چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان کے 15 رکنی اسکواڈ سے متعلق اہم خبر

سچ ٹی وی  |  Jan 21, 2025

چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے شروع ہو رہی ہے میگا ایونٹ کے لیے میزبان ملک پاکستان کے 15 رکنی اسکواڈ سے متعلق اہم خبر سامنے آئی ہے۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی آئندہ ماہ 19 فروری سے 9 مارچ تک کھیلی جا رہی ہے۔ پاکستان اس میگا ایونٹ کا میزبان ملک ہونے کے ساتھ دفاعی چیمپئن ہے۔ ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان کے علاوہ شریک تمام سات ممالک نے اپنے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔

پاکستان کو اپنے 15 رکنی اسکواڈ کے اعلان کے لیے نوجوان بیٹر صائم ایوب کی میڈیکل رپورٹ کا انتظار ہے جو جنوری کے آغاز میں جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں زخمی ہوگئے اور اب لندن میں زیر علاج ہیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے 15 رکنی اسکواڈ کو حتمی شکل دینے کے لیے سلیکشن کمیٹی کی مشاورت جاری ہے۔ میگا ایونٹ ک لیے صائم ایوب کی شمولیت پر ابھی تک سوالیہ نشان لگا ہوا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ صائم ایوب کے فٹ نہ ہونے کی صورت میں سلیکٹرز نے متبادل لانے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس صورت میں چیمپئنز ٹرافی سے قبل کھیلی جانے والی سہ فریقہ سیریز کے لیے اعلان کردہ ٹیم ہی چیمپئنز ٹرافی کا اسکواڈ ہوگی۔

چیمپئنز ٹرافی کے اسکواڈ سے آؤٹ آف فارم عبداللّٰہ شفیق اور عثمان خان کے ڈراپ ہونے کا امکان ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ فخر زمان کی اسکواڈ میں شمولیت یقینی ہے جبکہ امام الحق اور حسیب اللّٰہ کے ناموں پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

محمد رضوان، بابر اعظم، سلمان علی آغا، طیب طاہر، عرفان خان، محمد حسنین، نسیم شاہ، شاہین آفریدی، حارث رؤف، کامران غلام، ابرار احمد اور سفیان مقیم بھی اسکواڈ کا حصہ ہو سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی کے ابتدائی اسکواڈ کے لیے 20 کھلاڑیوں کے نام آئی سی سی کو دیے ہیں اور اس میں صائم ایوب کا نام بھی شامل ہے۔

آئی سی سی نے حتمی اسکواڈ کے اعلان کے لیے 11 فروری کی ڈیڈ لائن دی ہوئی ہے جب کہ پاکستان، جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے درمیان سہ فریقی ون ڈے سیریز 8 فروری سے شروع ہو رہی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More