نادرا نے عوام کو بڑی سہولت دیتے ہوئے کراچی، حیدرآباد اور میرپورخاص میں بائیکر سروس کا آغاز کر دیا ہے، جو شہریوں کو گھر بیٹھے شناختی کارڈ کی تجدید سمیت دیگر خدمات فراہم کرے گی۔ یہ جدید سروس عوام کی مشکلات کم کرنے اور وقت کی بچت کے لیے خاص طور پر ڈیزائن کی گئی ہے۔ شہری صرف نادرا کی ہیلپ لائن 7000 یا 111786100 پر کال کرکے خود کو رجسٹر کروا سکتے ہیں۔ کال سینٹر پر ان سے پتہ اور ضروری خدمات کی تفصیلات لی جائیں گی، جس کے بعد ایک بائیکر مقررہ پتہ پر پہنچ کر سروس فراہم کرے گا۔
یہ سہولت پیر سے جمعہ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک دستیاب ہوگی اور فی الحال کراچی میں 3 جبکہ حیدرآباد اور میرپورخاص میں 1-1 بائیکر موجود ہوگا۔ ڈی جی نادرا سندھ نے بائیکر رائیڈرز کو ضروری آلات سے آراستہ بائیک کی چابیاں فراہم کرتے ہوئے کہا کہ یہ سہولت نئے شناختی کارڈ کے لیے دستیاب نہیں ہوگی، تاہم کارڈ کی تجدید اور دیگر خدمات کے لیے شہری اس کا فائدہ اٹھا سکیں گے۔
نادرا کی اس پیش رفت سے نہ صرف لوگوں کا وقت اور پیسہ بچے گا بلکہ انہیں دفاتر کے طویل انتظار اور قطاروں کی جھنجھٹ سے بھی نجات ملے گی۔ کراچی ریجن میں یہ سروس 20 جنوری سے شروع کی جا رہی ہے، اور اس کے بعد دیگر شہروں تک اس کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔ نادرا کی یہ انقلابی سہولت عوام کو سہولت دینے کی جانب ایک بڑا قدم ہے، جو ان کے لیے زندگی کو آسان بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔