پی آئی اے کی یورپ کے لیے براہِ راست پروازیں، اِن ڈائریکٹ فلائٹس کے کرایوں میں کتنی کمی؟

اردو نیوز  |  Jan 18, 2025

پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے ساڑھے چار سال بعد یورپ کے لیے پروازوں کا آغاز کیا ہے، جس سے پاکستانی مسافروں کے لیے نہ صرف نئے سفر کے دروازے کھلے ہیں بلکہ پی آئی اے کی پروازوں کے آغاز کے بعد بین الاقوامی ایئرلائنز کے کرایوں میں بھی واضح کمی دیکھی جارہی ہے۔

پی آئی اے کی یورپ کے لیے براہِ راست پروازوں کی پیشکش سے ان ڈائریکٹ فلائٹس کے کرایوں میں کمی آئی ہے۔ 

ماہرین کے خیال میں اس کی دو اہم وجوہات ہے، ایک تو قومی ایئرلائن کی فرانس کے لیے براہِ راست فلائٹس اور پھر وہاں سے مزید 21 مقامات کے لیے پروازوں کو آپریٹ کرنا ہے اور دوسرا یورپ کے لیے سیزن آف ہونے کی وجہ سے بھی مسافروں کی تعداد میں کمی آئی ہے۔

واضح رہے کہ پی آئی اے نے کئی برسوں کے وقفے کے بعد یورپ کے لیے براہِ راست پروازوں کا آغاز کیا ہے، جس سے نہ صرف شہری یورپ کا کم قیمت میں اور آسانی سے سفر کر سکیں گے بلکہ پی آئی اے کو ایک نیا مقام بھی حاصل ہوگا۔

پی آئی اے نے اپنے یورپ آپریشنز کا آغاز فرانس کے شہر پیرس سے کیا ہے، اور اس کے بعد دیگر یورپی شہروں کے لیے پروازیں چلانے کا منصوبہ بھی ہے۔

پی آئی اے کی یورپ کے لیے براہِ راست پروازوں کا آغاز ایک اہم سنگ میل ہے، کیوں کہ اس سے پاکستانی مسافروں کو براہِ راست سفر کی سہولت مل رہی ہے جس کی طویل عرصے سے کمی محسوس کی جارہی تھی۔

علاوہ ازیں پی آئی اے کی پروازوں کے آغاز نے دیگر عالمی ایئرلائنز کو بھی مجبور کیا ہے کہ وہ اپنے کرایوں میں کمی کریں تاکہ وہ پی آئی اے کی نئی پیشکش کا مقابلہ کر سکیں۔

ٹریول ایجنٹس اور مسافروں کی رائےپاکستانی ٹریول ایجنٹس اور مسافر دونوں ہی پی آئی اے کے یورپ آپریشنز کے آغاز سے خوش ہیں۔

ٹریول ایجنٹس کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی براہِ راست پروازوں کے آغاز نے دیگر ایئر لائنز کو اپنے کرایوں میں کمی کرنے پر مجبور کیا ہے کیوں کہ مسافر اب کم قیمت میں یورپ کی براہِ راست پروازیں منتخب کر رہے ہیں۔

فرحان چوہدری نے کہا کہ ’پہلے جو ٹکٹ ڈھائی لاکھ روپے میں ملتا تھا، وہ اب 2 لاکھ 16 ہزار روپے میں مل رہا ہے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)ان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی براہِ راست پروازوں کی پیشکش سے ان ڈائریکٹ فلائٹس کے کرایوں میں بھی کمی دیکھنے میں آرہی ہے کیوں کہ مسافروں کا رجحان اب براہِ راست پروازوں کی طرف بڑھ چکا ہے۔

فرحان چوہدری جو کہ اسلام آباد سے فرانس کے لیے سفر کرنے والے ایک مسافر ہیں، نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کو پی آئی اے کے یورپ آپریشنز کے آغاز سے دو فائدے ہوئے ہیں۔ ایک تو یہ کہ اب وہ براہِ راست یورپ پہنچ سکتے ہیں، جو کہ ایک بڑی سہولت ہے۔ دوسرا وہ کم قیمت ٹکٹ تلاش کرتے ہیں تو کرایوں میں کمی سے اُن کو فائدہ ہوا ہے۔

فرحان چوہدری نے کہا کہ ’پہلے جو ٹکٹ ڈھائی لاکھ روپے میں ملتا تھا، وہ اب 2 لاکھ 16 ہزار روپے میں مل رہا ہے۔‘

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹریول ایجنٹ نے انہیں بتایا ہے کہ پی آئی اے کی براہِ راست فلائٹ کا ٹکٹ 2 لاکھ 45 ہزار روپے میں مل رہا ہے جب کہ دیگر ایئرلائنز کے ٹکٹ پی آئی اے کے مقابلے میں کم قیمت پر دستیاب ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ’پی آئی اے کے آپریشنز کے آغاز کے ساتھ ساتھ یورپ کا سیزن آف ہونے کی وجہ سے بھی کرایوں میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔ عام طور پر یورپ جانے والے مسافر موسم گرما یا تعطیلات کے دوران زیادہ سفر کرتے ہیں، لیکن فروری، مارچ اور اپریل میں یورپی ممالک کا سفر کم ہو جاتا ہے، جس کی وجہ سے ٹکٹ کی قیمتیں گر جاتی ہیں۔‘

ارون فڈریک کراچی میں کام کرنے والے ایک ٹریول ایجنٹ ہے۔ انہوں نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اس وقت پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سے فرانس کے شہر پیرس کے لیے پی آئی اے کا ٹکٹ دو لاکھ 40 ہزار روپے میں دستیاب ہے۔‘

اب دیکھنا یہ ہے کہ پی آئی اے مستقبل میں دیگر یورپی شہروں کے لیے پروازوں کا آغاز کب کرتی ہے (فوٹو: اے ایف پی)ارون فڈریک کا کہنا ہے کہ ’پی آئی اے کی براہِ راست  فلائٹ نے دیگر ایئرلائنز کو قیمتوں میں کمی کرنے کے بارے میں سوچنے پر مجبور کر دیا ہے جس کا فائدہ مسافروں کو ہو رہا ہے۔‘

پی آئی اے کی یورپ کے لیے پروازوں کا آغاز ایک اہم قدم ہے، اور اس سے پاکستانی مسافروں کو سفر کی نئی سہولتیں میسر آئی ہیں۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ پی آئی اے مستقبل میں دیگر یورپی شہروں کے لیے پروازوں کا آغاز کب کرتی ہے، اور کیا وہ اپنی سروسز کو مزید بہتر بنانے میں کامیاب ہو پاتی ہے یا نہیں۔

پی آئی اے کی پروازیں براہِ راست یورپ پہنچتی ہیں، جس سے مسافروں کے وقت کی بچت ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ پی آئی اے نے اپنی خدمات میں بہتری لانے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں، جس سے سفر میں بھی بہتری آرہی ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More