پنجاب میں امتحانی پرچہ لِیک کرنے پر تین برس قید کی سزا مقرر، ’ضمانت نہیں ہو گی‘

اردو نیوز  |  Jan 16, 2025

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر لاہور کے تعلیمی بورڈ نے امتحانات میں نقل اور پرچے لِیک کرنے سے متعلق نئے ضوابط مرتب کر لیے ہیں۔

تعلیمی بورڈ کی جانب سے تمام تعلیمی اداروں کو ایک نوٹیفیکیشن کے ذریعے خبردار کیا گیا ہے کہ ’امتحانی پرچے لیک کرنے اور ان کو سوشل میڈیا یا کسی بھی طریقے سے پھیلانے پر تین برس قید کی سزا اور 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔‘

نئے ضوابط کے مطابق سوالیہ پرچہ لیک کرنے میں ملوث سرکاری اہل کاروں کے خلاف قید کی سزا اور جرمانے کے علاوہ ان کی نوکری بھی ختم کی جائے گی۔

اسی طرح پریکٹیکل کے امتحانات میں موبائل فون لانے اور کسی بھی طرح کی مداخلت کرنے پر ییڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات پچھلے تقریباً ایک برس سے امتحان میں نقل کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیوں کی سربراہی کر رہے ہیں۔

رانا سکندر حیات نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’جب ہم نے بوٹی مافیا پر ہاتھ ڈالا تو ایک مرتبہ تو ہم حیران رہ گئے تھے۔ یہ کس قدر طاقت ور لوگ تھے جنہوں نے پورے سسٹم کو قابو کر رکھا تھا۔‘

وزیر تعلیم اپنی بات جاری رکھتے ہوئے بتاتے ہیں کہ ’گزشتہ برس مارچ میں ہم نے امتحان میں نقل کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا۔ ہم اس معاملے کی تہہ تک گئے۔ کئی ماہ کی کاوش کے بعد ہم نے سات گینگ پکڑ لیے جو اپنے اپنے طور پر سرگرم تھے۔ ان گینگز کے پیچھے پرائیویٹ سکولز کا مافیا تھا۔ اس میں سرکاری عملے سمیت امتحانی بورڈز اور اساتذہ بھی ملوث تھے۔‘

پنجاب کے صوبائی وزیر تعلیم بتاتے ہیں کہ ’ہم نے امتحانی مراکز کے اندر پرائیویٹ عملے کو بھی رنگے ہاتھوں پکڑا جب وہ دس دس ہزار روپے لے کر پرچے حل کروا رہے تھے۔ کئی ماہ کی محنت کے بعد ہم نے اب قانون سازی پر توجہ دی ہے۔ ابھی لاہور بورڈ نے اس پر عمل درآمد شروع کیا ہے، دیگر بورڈز بھی اس جانب آ رہے ہیں۔‘

ٹیچرز ایسوسی ایشنز نے نقل کے خلاف سخت قوانین کے نفاذ کا خیرمقدم کیا ہے (فائل فوٹو: ویڈیو گریب)انہوں نے بتایا کہ جن لوگوں کو اس وقت پکڑا گیا تھا وہ سوشل میڈیا اور دیگر ڈیجیٹل ذرائع سے نقل کروانے کا نیٹ ورک چلا رہے تھے۔ مقدمات بنانے کے باوجود کئی افراد بچ نکلنے میں کامیاب رہے کیونکہ نقل میں ڈیجیٹیل ٹیکنالوجی کے استعمال کا قانون نہیں تھا۔ اب وہ سارے چور راستے بند کر دیے گئے ہیں۔‘

’اب جو نقل کرے گا وہ سیدھا جیل جائے گا اور اس کیس میں ضمانت بھی نہیں ہو گی۔‘

دوسری جانب ٹیچرز ایسوسی ایشنز نے نقل کے خلاف سخت قوانین کے نفاذ کا خیرمقدم کیا ہے۔

پاکستان میں تعلیمی امتحانات میں نقل کے حوالے سے سندھ اور پنجاب کو بڑے پیمانے پر چیلنجز کا سامنا رہا ہے تاہم پنجاب نے اب اس سے متعلق سخت قوانین متعارف کروا دیے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More