پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر ساہیوال کے ایک مصروف بازار میں ریڑی پر کھیر بیچنے والے شخص کی امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے غیر معمولی مشابہت کی وجہ سے نہ صرف کاروبار بڑھ رہا ہے بلکہ وہ دیگر کے مقابلے میں لوگوں کی توجہ کا مرکز بھی بن چکے ہیں۔برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق ایک مقامی شہری محمد یاسین کا کہنا ہے کہ ’ہمیں ایسا لگتا ہے کہ جیسے ٹرمپ خود یہاں آکر کھیر فروخت کر رہے ہیں۔‘
’سلیم بگا جو پنجابی میں گانا گا کر گاہکوں کو اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں سے ہی ہم کھیر خریدنا پسند کرتے ہیں۔‘ان کا مزید کہنا تھا کہ ’جب سلیم بگا کھیر بیچنے کے لیے گانا گانا شروع کرتے ہیں، تو ہم اُن کے پاس پہنچ جاتے ہیں۔‘ سفید رنگ اور منفرد سنہرے بالوں والے سلیم بگا جب پنجابی گانے کے بول ’میرے پیار ہن تے تو میرے کول آجا، دیر نہ کر، میری اکھیاں تیرا انتظار کردے کردے تھگ گئیاں نے‘ (میرے پیار اب تو تم میرے پاس آجاؤ، دیر نہ کرو، میری آنکھیں تمہارا انتظار کرتے کرتے تھک گئی ہیں) گاتے ہیں تو لوگوں کا ایک جم غفیر اُن کے گرد جمع ہو جاتا ہے۔‘مقامی شہری عمران اشرف سلیم بگا کے ساتھ سیلفی لیتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’ان کی کھیر واقعی بہت لذیذ ہے، ہم ان سے بات کرتے ہیں، ان کے ساتھ سیلفیاں لیتے ہیں اور دوستوں کو بتاتے ہیں کہ ہم نے ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ تصاویر بنوائی ہیں۔‘