اہم نکات:حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات میں ڈیڈلاک، عمران خان سے ملاقات کا انتظام نہ ہو سکاحکومتِ بلوچستان کا خضدار واقعے کی تحقیقات کا حکم ایئر کراچی کی لائسنس کے لیے درخواست رحیم یار خان میں تین ہندو شہری اغوا، ڈاکوؤں کا پولیس سے خاندان کے افراد کو رہا کرنے کا مطالبہمری میں برفباری نہ ہونے کی وجہ سے تاجر پریشانحکومت اور پاکستان تحریک انصاف میں مذاکرات کے گذشتہ راؤنڈ کے بعد ڈیڈلاک بدستور برقرار ہے۔ گذشتہ اجلاس میں حکومت نے پی ٹی آئی سے اپنے مطالبات تحریری شکل میں دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ جس کے جواب میں پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ اس کے لیے انہیں عمران خان سے ایسی جگہ ملاقات کی ضرورت ہے، جہاں پر ان کی گفتگو نہ سنی جائے۔ تاہم ابھی تک ایسی ملاقات کا انتظام نہیں ہو سکا۔عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے جمعرات کے روز ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ عمر ایوب کی ہدایت پر عمران خان سے آج ملاقات کے وقت کے لیے اڈیالہ جیل حکام سے رابطہ کیا ہے۔ فیصل چوہدری نے کہا کہ عمر ایوب کی ہدایت پر جیل حکام سے گذشتہ روز بھی رابطہ کیا تھا تاہم آج جیل مینوئل اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کے مطابق آج دوستوں کی ملاقاتوں کا دن ہے۔دوسری طرف پی ٹی آئی کے چیئرمین گوہر ایوب نے گذشتہ روز عمران خان سے ملاقات کے بعد کہا تھا کہ انہوں نے مطالبات تحریری شکل میں دینے کی اجازت دے دی ہے اور مذاکرات جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی ہے۔لیکن حکومت کی طرف سے ابھی اگلا اجلاس بلانے کےمتعلق کوئی اشارہ نہیں دیا گیا۔خضدار میں حالات معمول پر، سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موجود
زین الدین احمد، اردو نیوز کوئٹہ
حکام کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے زہری میں عسکریت پسندوں کے حملے کے بعد حالات معمول پر آگئے ہیں۔جمعرات کو ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی نے اردو نیوز کو بتایا کہ سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری علاقے میں موجود ہے اور صورتحال قابو میں ہے۔خضدار سے تقریباً 40 کلومیٹر دور زہری کے علاقے میں بدھ کو گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر سوار درجنوں مسلح افراد داخل ہوئے، اور وہاں موجود اہم سرکاری عمارتوں پر قبضہ کر لیا تھا۔مقامی لیویز کے ایک اہلکار نے اردونیوز کو بتایا کہ حملہ آور 20 سے زائد کلاشنکوف، دو سرکاری گاڑیاں، ایک ٹریکٹر اور 10 موٹر سائیکلیں اپنے ساتھ لے گئے۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق لیویز، ایف سی، پولیس اور دیگر سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری حملے کی اطلاع ملتے ہی زہری پہنچ گئی تھی۔ راستے میں حملہ آوروں کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوئی اور فورسز کی ایک گاڑی کو بم دھماکے میں نشانہ بھی بنایا گیا جس میں ایک اہلکار زخمی ہوا۔حملے کی ذمہ داری کالعدم بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی تھی۔
حکومت بلوچستان نے واقعے کے حوالے سے شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔
ہمارے ادارے تعاون کے بجائے ایک دوسرے کو کنٹرول کرنے کے چکر میں ہیں، علی امین گنڈاپورخیبر پختونخوا کے وزیراعلٰی علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ’کسی بھی ملک کے لیے انقلاب ایک بنیادی چیز ہے لیکن ہم بادشاہت کے چکر میں اس طرف بھی نہیں جا رہے۔‘جمعرات کو پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے ادارے، محکمے اور نظام ایک دوسرے سے تعاون کے بجائے کنٹرول کرنے کے چکر میں پڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جب بنا تو چار صوبے تھے آج بھی وہی چار صوبے ہیں لیکن آبادی بڑھ چکی ہے۔ کیونکہ ہر کوئی چاہتا ہے کہ میرے پاس بڑا دائرہ اختیار ہوں۔وزیراعلٰی خیبر پختونخوا نے نرسنگ اور میڈیکل کالج کے قیام کے لیے 50 کروڑ دینے کا اعلان کیا۔نئی ایئر لائن کی آمد، ایئر کراچی کی لائسنس کے لیے درخواست پاکستان کے ساحلی شہر کراچی کے تاجروں نے ’ایئر کراچی‘ کے نام سے نئی ایئر لائن کے قیام کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو باقاعدہ درخواست دے دی ہے۔ کراچی کے تاجروں نے گزشتہ برس نومبر میں ایئر کراچی کے قیام کا اعلان کیا تھا۔سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ایک سینیئر افسر نے اردو نیوز کے نامہ نگار زین علی کو بتایا کہ ایئر کراچی کی جانب سی اے اے سے تحریری طور پر رابطہ کر کے لائسنس کے لیے درخواست دے دی گئی ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی درخواست کا جائزہ لے رہی ہے، تمام ضروری اقدامات کے بعد اسے وزارت ہوا بازی بھیجا جائے گا۔اس سے قبل کارگو ایئر لائن کے ٹو ایئر ویز نے بھی پاکستان میں اپنے آپریشنز کا آغاز کر دیا ہے۔شعبہ ہوا بازی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ایئر کراچی کی آمد سے ملک میں جہاں فضائی سفر کی سہولتیں بڑھیں گی، وہیں مارکیٹ میں مقابلے کی فضا بنے گی، جس کا براہ راست فائدہ مسافروں کو ہو گا۔رحیم یار خان میں تین ہندو شہری اغوا، ڈاکوؤں کا پولیس سے خاندان کے 10 افراد کو رہا کرنے کا مطالبہپاکستان کی صوبہ پنجاب کے جنوب میں واقع ضلع رحیم یار خان کے علاقے بھونگ سے مبینہ طور پر تین نوجوانوں کو اغوا کیا گیا ہے، جن کا تعلق ہندو برادری سے ہے۔ پولیس کے مطابق تینوں نوجوان شمان، سجن اور شمیر چوک سویترا بیسک ہیلتھ یونٹ کے قریب جا رہے تھے، جب پانچ ڈاکوؤں نے انہیں روکا اور اس کے بعد اغوا کر کے ساتھ لے گئے۔بعد ازاں ایک ویڈیو پیغام جاری کیا گیا جس میں ایک مبینہ ڈاکو عاشق حسین نے اپنا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تین ہندو نوجوانوں کو اغوا کیا ہے جس کا بنیادی مقصد اپنے خاندان کے 10 افراد کو پولیس سے چھڑوانا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ احمد پور لامہ کے ایس ایچ او رانا رمضان نے ان کے 10 خاندان کے افراد کو حراست میں لیا تھا جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ پولیس نے واقعے کی ایف ائی آر درج کرنے کے بعد تینوں مغوی نوجوانوں کو رہا کرانے کے لیے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، تاہم اس حوالے سے جب رحیم یار خان پولیس سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے موقف دینے سے گریز کیا ہے۔مری میں برفباری نہ ہونے کی وجہ سے تاجر پریشان
صالح سفیر عباسی، اردو نیوز اسلام آباد
پاکستان کے معروف سیاحتی مقام مری میں برفباری نہ ہونے کی وجہ سے مقامی تاجر پریشان ہیں۔ عام طور پر مری میں دسمبر کے دوان دو سے تین مرتبہ برف باری ہوتی ہےم تاہم رواں سال دسمبر میں صرف ایک بار معمولی برفباری ہوئی ہے۔
مری میں گزشتہ 20 سال سے ہوٹلنگ کے کاروبار سے منسلک تاجر ریاض عباسی (فرضی نام) نے اُردو نیوز کو بتایا ہے کہ ہمارا کاروبار گرمی اور سردی کے موسم کے ساتھ ہی چلتا ہے۔ ’اگر موسم سرما میں برفباری نہ ہو تو سیاحوں کی بہت کم تعداد مری کا رخ کرتی ہے اور رواں سال اب تک یہی صورتحال رہی ہے جس کی وجہ سے ہمارے کاروبار متاثر ہو رہے ہیں۔‘
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے ترجمان محمد عبداللہ نے اُردو نیوز کو بتایا ہے کہ مری میں 11 جنوری یعنی جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب بارش اور برفباری کے 30 فیصد امکانات موجود ہیں، تاہم ابھی تک برفباری کا کوئی بڑا نظام مری اور اُس کے مضافاتی علاقوں میں داخل ہوتا نظر نہیں آ رہا۔