میں سو فیصد فٹ ہوں، پاکستان کے لیے دوبارہ کھیلوں گا: فخر زمان

اردو نیوز  |  Jan 08, 2025

پاکستان کےمایہ ناز بلے باز فخر زمان امارات میں ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی20 سیزن 3 میں ڈیزرٹ وائپرز کی نمائندگی کے لیے تیار ہیں۔

عرب نیوز کے مطابق فخر زمان سمجھتے ہیں کہ وہ اب بھی پاکستان کی قومی ٹیم کے لیے بہت کچھ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

34    سالہ فخر زمان نے جون 2024 میں آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد سے کوئی انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا۔

تاہم ’وائپرز وائس‘ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ ان کے بین الاقوامی کیریئر کا احتتام نہیں ہوا ہے اور وہ قومی ٹیم کے لیے کھیلیں گے۔

فخر نے بتایا ’میں سو فیصد فٹ ہوں،  پاکستان کے لیے دوبارہ کھیلوں گا، بہت سے لوگ نہیں جانتے ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد میں بیمار ہوا اور ان فٹ تھا اس لیے ٹیم کا حصہ نہیں بن سکا۔‘

’اب میں صحتیاب ہوں اور آپ مجھے پاکستان کی اگلی بین الاقوامی سیریز میں کھیلتا دیکھیں گے۔‘

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 پاکستان میں منعقد ہو رہی ہے اور 2017 کے چیمپئنز ٹرافی میں فخر زمان کی شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستان چیمپیئن بنا تھا۔

لندن کے اوول سٹیڈیم میں انڈیا کے خلاف فائنل میں فخر زمان نے میچ وننگ سینچری سکور کی تھی۔

 ’میری منصوبہ بندی چیمپئنز ٹرافی 2025  کے لیے ہے، اسی لیے آسٹریلیا یا جنوبی افریقہ کے دورے میں شرکت نہیں کی تاکہ خود کو فٹ رکھ سکوں۔‘

فخرزمان ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی20 میں ڈیزرٹ وائپرز کی ٹیم کا حصہ ہیں۔ فوٹو اے پیپاکستانی سٹار فخر زمان نے کہا ہے ’ میں ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی20 میں ڈیزرٹ وائپرز  کی جانب سے کھیلوں گا۔‘

پاکستان کرکٹ ٹیم کے موجودہ اوپنر صائم ایوب جنوبی افریقہ میں میچ کے دوران زخمی ہو کر چھ ہفتے کے لیے ٹیم سے باہر ہوگئے ہیں جس کے بعد فخر زمان کی ٹیم میں واپسی کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔

صائم ایوب کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے فخر زمان نے کہا ’یقینا وہ جلد صحتیاب ہوں گے، وہ شاندار کھلاڑی ہیں اور چار پانچ سال کھیلتے رہے تو دنیا کے ٹاپ تھری کھلاڑیوں میں شامل ہوں گے۔‘

ڈیزرٹ وائپرز کے ڈائریکٹر  ٹام موڈی نے فخر زمان کو ’حقیقی میچ ونر‘ قرار دیا ہے۔ فوٹو ایکسفخر زمان کے مطابق ڈیزرٹ وائپرز کے ساتھ منسلک ہونے کا فیصلہ آسان تھا جب پیشکش ملی تو بغیر  مشورہ کیے اس ٹیم کے لیے کھیلنا پسند کیا۔

ڈیزرٹ وائپرز کی نمائندگی کئی پاکستانی کھلاڑی کر چکے ہیں جن میں شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، اعظم خان اور محمد عامر شامل ہیں۔

ڈیزرٹ وائپرز کے ڈائریکٹر آف کرکٹ ٹام موڈی نے فخر زمان کو ’حقیقی میچ ونر‘ قرار دیا ہے۔

ڈیزرٹ وائپر  12 جنوری کو نائٹ رائیڈرز کے خلاف کھیلے گی۔ فوٹو ایکس فخر زمان نے کہا ’ ڈیزرٹ وائپرز کی ٹیم متوازن ہے اور آپ جانتے ہیں کرکٹ میں قسمت کا بھی دخل ہوتا ہے اگر ہم بطور ٹیم کھیلیں اور قسمت نے ساتھ دیا تو آپ ہمیں فائنلز میں دیکھیں گے۔‘

ڈی پی ورلڈ 2025 آئی ایل ٹی20 سیزن 3 کا آغاز 11 جنوری سے ہو رہا ہے، ٹورنامنٹ کا فائنل 9 فروری کو دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More