جدید پرنٹرز اور لیمینیٹرز منگوانے کے بعد پاسپورٹ بیک لاگ ختم ہو گیا؟

اردو نیوز  |  Jan 08, 2025

راولپنڈی کے رہائشی محمد اعجاز (فرفی نام) نے دسمبر کے آخری ہفتے کے دوران عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب روانہ ہونا تھا۔ وہ اس مقصد کے لیے 20 نومبر کو اپنے قریبی پاسپورٹ آفس پہنچے اور نارمل پاسپورٹ کے حصول کے لیے درخواست جمع کروائی۔

محمکہ پاسورٹ اینڈ امیگریشن آفس کی پالیسی کے مطابق نارمل پاسپورٹ کے لیے درخواست دینے سے قبل اُنہیں بتایا گیا کہ آپ کو نارمل کیٹیگری کا پاسپورٹ 21 دن کے بعد ملے گا یعنی 11 دسمبر کو آپ اپنا پاسپورٹ حاصل کر سکتے ہیں۔

 21 دن گزرنے کے بعد وہ پاسپورٹ آفس گئے تو اُنہیں بتایا گیا کہ آپ کا پاسپورٹ ابھی تک موصول نہیں ہوا اور شاید اس میں مزید ایک ہفتہ لگ جائے۔

محمد اعجاز کے لیے ایک ہفتہ مزید انتظار کرنا ممکن نہیں تھا کیونکہ اُنہیں 28 دسمبر کو اسلام آباد ایئر پورٹ سے سعودی عرب کے لیے روانہ ہونا تھا اور پاسپورٹ ملنے کے بعد ہی اُنہیں سعودی عرب جانے کے لیے دیگر لوازمات پورا کرنا تھے۔

اس دوران پاسپورٹ آفس کے حکام نے اُنہیں بتایا کہ کہ اگر وہ ارجنٹ پاسپورٹ کے لیے درخواست دیں تو تین دن کے اندر اُن کا پاسپورٹ موصول ہو جائے گا۔

کوئی دوسرا چارہ نہ ہونے کے سبب محمد اعجاز نے پاسپورٹ کی نارمل کٹیگری کو ارجنٹ میں تبدیل کروایا تو پھر اُنہیں مقررہ وقت پر پاسپورٹ مل گیا اور وہ اپنے شیڈول کے مطابق عمرہ کے لیے روانہ ہو گئے۔

پاکستان میں محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن نے پاسپورٹ کے بحران پر بڑی حد تک قابو پا لیا ہے۔ شہریوں کو ارجنٹ اور فاسٹ ٹریک پاسپورٹ تو مقررہ وقت پر ہی مل رہے ہیں، تاہم ابھی بھی نارمل پاسپورٹ کے حصول کے لیے اضافی وقت لگ رہا ہے۔

اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ اینڈ امیگریشن آفس مصطفیٰ جمال قاضی نے اُردو کو بتایا ہے پاکستان میں پاسپورٹ کے بیگ لاگ کے مسائل پر بیرون مماملک سے پرنٹررز اور لیمینیٹرز منگوا کر مکمل قابو پا لیا گیا ہے۔ اس کے علاؤہ وفاقی حکومت کی جانب  جانب سے کراچی کے شہریوں کے لیے دو میگا سینٹرز میں پاسپورٹ بنوانے کی سہولت کا آغاز کردیا گیا ہے۔

تمام کٹیگریز کے پاسپورٹ وقت پر جاری ہو رہے ہیں: ڈی جی پاسپورٹ

ڈی جی کے مطابق پاسپورٹ آفس نے روزانہ 55 ہزار پاسپورٹ پرنٹ کرنے کی صلاحیت حاصل کر لی ہے (فوٹو: اے ایف پی)محمکہ پاسپورٹ اینڈ امیگیریشن آفس کے ڈائریکٹر جنرل مصطفیٰ جمال قاضی نے پاسپورٹ کی موجودہ صورتحال کے بارے میں اُردو نیوز کو بتایا ہے کہ اس وقت پاکستان میں پاسپورٹ کا کوئی بیک لاگ نہیں ہے۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو نارمل کٹیگری کے پاسپورٹ بھی مقررہ مدت کے اندر ہی مل رہے ہیں۔

اُنہوں نے بتایا کہ پاسپورٹ کا بیک لاگ ختم کرنے کے لیے بیرون ملک سے جدید پرنٹرز اور لیمینیٹرز منگوائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں قائم پاسپورٹ آفس/سنٹرز کی صلاحیت کو بڑھایا گیا ہے جس کے بعد حالات کو معمول پر لانا ممکن ہوا ہے۔

روزانہ 55 ہزار پاسپورٹ پرنٹ کرنے کی صلاحیت موجود ہے: پاسپورٹ آفس

پاسپورٹ آفس کی جانب سے روزانہ پرنٹ کیے جانے والے پاسپورٹ کے اعداد وشمار سے متعلق ڈی جی پاسپورٹ نے بتایا کہ جدید پرنٹرز اور لیمینٹز منگوانے کے بعد پاسپورٹ آفس نے روزانہ 55 ہزار پاسپورٹ پرنٹ کرنے کی صلاحیت حاصل کر لی ہے، جبکہ ماضی میں جدید مشینری نہ ہونے کی وجہ سے روانہ بمشکل 15 سے 25 ہزار پاسپورٹ پرنٹ کیے جاتے تھے۔

ای پاسپورٹ کے لیے پرنٹرز آنے میں دو سے اڑھائی ماہ کا وقت لگے گا: ڈی جی پاسپورٹ

محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن آفس کی جانب سے ای پاسپورٹ بنانے کے حوالےسے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی پاسپورٹ کا کہنا تھا کہ مطلوبہ رقم نہ ملنے کی وجہ سے ابھی تک ای پاسپورٹ کے لیے پرنٹرز نہیں منگوائے جا سکے۔

اُن کا کہنا تھا ’جرمنی کے شہر فرینکفرٹ سے ای پرنٹرز منگوائے جائیں گے جس کے لیے ڈالرز میں رقم درکار ہے، تاہم ابھی تک متعلقہ اداروں نے ہمیں رقم فراہم نہیں کی جس کی وجہ سے ای پاسپورٹ کے لیے پرنٹرز منگوانے میں مزید دو سے اڑھائی ماہ کا وقت لگ سکتا ہے۔‘

کراچی کے شہریوں کے لیے دو میگا سینٹرز میں پاسپورٹ بنوانے کی سہولت کا آغاز کردیا گیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)مصطفیٰ جمال قاضی کا کہنا تھا کہ گذشتہ عرصہ میں پاسپورٹ آفس کے مسائل کی ایک بنیادی وجہ فنڈز کا نہ ملنا تھا۔ گذشتہ سال بھی وزارت خزانہ اور سٹیٹ بنک کی جانب سے بہت تگ و دو کے بعد رقم کا حصول ممکن ہوا تھا۔

کراچی سے اُردو نیوز کے نامہ نگار زین علی کے مطابق حکومت پاکستان کی جانب سے کراچی کے شہریوں کے لیے دو میگا سینٹرز میں پاسپورٹ بنوانے کی سہولت کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ان میگا سینٹرز پر پاسپورت کے حصول کے لیے آنے والے شہری ہفتے کے 7 روز 24 گھنٹے پاسپورٹ بنوا سکیں گے۔ 

ترجمان نادرا شباحت علی نے اُردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پہلے مرحلے میں کراچی شہر کے دو میگا سینٹرز میں پاسپورٹ کی درخواست دینے کی سہولت کا آغاز کیا گیا ہے۔ کراچی ضلع وسطی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں واقع میگا سینٹر میں شہری پاسپورٹ کی درخواست دے سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ سائٹ ایریا میں واقع نادرا کے میگا سینٹر میں پاسپورٹ پروسسنگ کا کاونٹر نصب کیا گیا ہے۔ 

اُن کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے متبادل پاسپورٹ سینٹرز کے قیام کا فیصلہ مرکزی پاسپورٹ آفس پر رش کم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More