پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹر صائم ایوب انجری کا شکار ہونے کے بعد علاج کے لیے لندن روانہ ہو گئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق منگل کے روز جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن کے ایئرپورٹ سے صائم ایوب اور اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود لندن روانہ ہوئے۔
چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کی ہدایت پر انگلینڈ کے ماہر سپورٹس آرتھو ڈاکٹرز کل صائم ایوب کا چیک اپ کریں گے۔ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ’صائم ایوب پاکستان کرکٹ کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کے علاج معالجے کے لئے ہر ممکن وسائل فراہم کئے جائیں گے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’صائم ایوب کی صحت کے حوالے سے مسلسل ڈاکٹرز کے ساتھ رابطے میں ہوں اور صائم کی مکمل صحت یابی کے لئے دعا گو ہوں۔‘
صائم ایوب جنوبی فریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز فیلڈنگ کرتے ہوئے انجری کا شکار ہو گئے تھے۔