لائیو: وفاقی حکومت نے ڈیڑھ لاکھ خالی آسامیاں ختم کر دیں، وزیر خزانہ

اردو نیوز  |  Jan 07, 2025

اہم نکات

پرویز الٰہی پر فردِ جرم عائد

ضلع کُرم میں امدادی ٹرک نہ پہنچ سکے

ملک میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان

وفاقی حکومت کی ڈیڑھ لاکھ خالی اسامیاں ختم

 

پاکستان کے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے اخراجات میں کمی لانے کے لیے رائٹ سائزنگ کر رہے ہیں۔

وزیر خزانہ نے منگل کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’وزیراعظم نے جون 2024 میں وفاقی حکومت کی رائٹ سائزنگ کے لیے کمیٹی بنائی تھی۔ جن اداروں کی افادیت نہیں رہی، انہیں برقرار رکھنے یا نہ رکھنے سے متعلق کام کر رہے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’اس کمیٹی کے ٹی او آرز کا مقصد وفاقی حکومت کے اخراجات میں کمی لانا ہے۔ اصل مسئلہ وزارتوں کے ساتھے منسلک ڈیپارٹمنٹس ہیں۔ 43 وزارتوں اور ان کے 400 محکموں سے متعلق مشاورت جاری ہے۔ ایک وقت میں پانچ سے چھ محکموں کو ختم کریں گے۔‘

انہوں نے بتایا کہ ‘خدمات (سروسز) سے متعلق آسامیوں کو آؤٹ سورس کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ پانچ وزارتوں میں رائٹ سائزنگ کا تیسرا مرحلہ شروع کر رہے ہیں۔‘

رسالپور میں پاکستان فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ

خیبر پختونخوا کے علاقے رسالپور پاکستان فضایئہ کے تربیتی طیارے کو حادثہ پیش آیا ہے۔

پولیس کے مطابق ’یہ تربیتی طیارہ رن وے کی دیوار کے قریب کھیتوں میں گرا اور پھر اس میں آگ بھڑک اٹھی۔ ‘

حادثے کے بعد نوشہرہ ریسکیو 1122، پاک فضائیہ اور آرمی  کی ایمبولنسز اور فائر بریگیڈ موقعے پر پہنچ گئی ہیں۔

 اماراتی صدر سے سرمایہ کاری پر مثبت بات چیت ہوئی، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے اتوار کو رحیم یار خان میں اچھی ملاقات رہی۔ ان سے سرمایہ کاری اور باہمی تعلقات سے متعلق بات چیت ہوئی۔‘

وزیراعظم شہباز شریف نے منگل کو اسلام آباد میں کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’یو اے ای نے دو ارب ڈالر رول اوور کر دیے ہیں۔ ہمیں معیشت کو بہتر بنانے کے لیے برآمدات کو بڑھانا ہو گا۔ ٹیکسٹائل برآمدات کا بہت اہم کردار ہے۔‘

انہوں نےخیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں ڈپٹی کمشنر پر حملے کو امن معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی سازش قرار دیا اور کہا کہ ’ہم حملے میں زخمی ہونے والوں کے لیے دعاگو ہیں۔‘

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ’انسانی سمگلنگ کا معاملہ سنگین ہے۔ اس پر میں خود میٹنگ کر رہا ہوں۔‘

جنوبی وزیرستان میں نامعلوم افراد نے خواتین کے کپڑوں کی دکانیں جلا دیں

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے جنوبی وزیرستان کے کڑیکوٹ بازار میں نامعلوم افراد نے خواتین کے کپڑوں کی دو دکانوں کو آگ لگا دی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق خواتین کے کپڑوں کی دکانوں کو پیر کو لوٹنے کے بعد نذر آتش کیا گیا جبکہ ریسکیو 1122 ریسکیو نے موقعے پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ’آگ لگانے کی وجوہات کا پتا نہیں چل سکا، تحقیقات جاری ہیں۔‘

سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی پر کرپشن ریفرنس میں فردِ جرم عائد

 

پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی پر گجرات کے ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن ریفرنس میں فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔

منگل کو لاہور کی احتساب عدالت کے جج زبیر شہزاد کیانی پرویز الٰہی اور دیگر کے خلاف ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن ریفرنس کی سماعت کی۔

اس کے بعد عدالتی عملے نے چوہدری پرویز الٰہی سے گاڑی میں جا کر دستخط لیے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 21 جنوری تک ملتوی کر دی اور آئندہ سماعت پر گواہوں کو طلب کر لیا۔

اس موقعے پر پرویز الہیٰ کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے کہا کہ ’ہم کیس کو اب آگے لے کر چلنا چاہتے ہیں، ہماری طرف سے کیس میں کوئی بھی دشواری نہیں آئے گی۔‘

ضلع کُرم میں دفعہ 144 برقرار، امدادی سامان کے ٹرک نہیں پہنچ سکے

 

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع کُرم میں متحارب فریقین کے درمیان امن معاہدہ طے پانے کے باوجود گاڑیوں کی آمد و رفت تاحال بحال نہیں ہو سکی ہے۔

چند دن قبل ڈپٹی کمشنر پر ہونے والے حملے کے بعد کرم میں دفعہ 144 نافذ ہے اور سے ٹل کے مقام پر کھڑے امدادی سامان کے ٹرک  بھی بھجوایا نہیں جا سکا۔

اس کے علاوہ صبح 6 سے شام 6 بجے تک کرم میں کرفیو لگایا جا رہا ہے۔ حساس علاقوں میں پولیس ، ایف سی اور سکیورٹی فورسز کے اہلکار تعینات ہیں۔

آئندہ دو دن میں ملک کے بیش تر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان

پاکستان کے محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دن تک ملک کے بیش تر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ منگل کو مشرقی پنجاب اور بالائی سندھ میں رات کے اوقات میں درمیانی سے شدید دُھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔

بدھ کو صبح کے اوقات میں کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا ،خطہ پوٹھوہار اور بالائی پنجاب کے بعض علاقوں میں کہرا پڑنے کا امکان ہے۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے ضلع کُرم کے عمائدین کی ملاقات

گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے ساتھ ضلع کرم کے عمائدین کے 18 رکنی وفد نے ملاقات کی ہے۔

منگل کو گورنر ہاؤس کراچی سے جاری کردہ بیان کے مطابق’کرم کے عمائدین نے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا ادویات اور غذائی اشیاء کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا اور ملاقات میں نفرت کے خاتمے امن و امان برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔‘

اس موقعے پر گورنر سندھ نے کہا کہ ’ضلع کرم کے مسائل کے حل کے لیے موجودہ حکومت پر عزم ہے۔ضرورت پڑنے پر مزید امدادی سامان بھی روانہ کریں گے۔‘

انہوں مزید کہا کہ’ باہمی اتحاد سے بیرونی سازش ناکام بنائی جاسکتی ہے۔‘

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More