ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم 19 برس بعد ٹیسٹ سیریز کھیلنے پاکستان پہنچ گئی ہے۔
پی سی بی کے مطابق پیر کے روز ویسٹ انڈیز ٹیم پرواز ای کے 612 کے ذریعے دبئی سے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچی۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دو میچز کھیلے جاٸیں گے۔
ویسٹ انڈیز اور پاکستان شاہینز کے درمیان 10 سے 12 جنوری تک تین روزہ وارم اپ میچ اسلام آباد کلب میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹیسٹ 17 سے 21 جنوری اور دوسرا ٹیسٹ 25 سے 29 جنوری تک کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیسٹ ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
واضح رہے ویسٹ انڈیز کا ٹیسٹ کے لیے 19 سال میں پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔ آخری بار دونوں ٹیموں کے درمیان نومبر 2006 میں تین ٹیسٹ کھیلے گئے تھے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان آخری اوے ٹیسٹ سیریز اکتوبر 2016 میں متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی تھی۔
ویسٹ انڈیز نے اپریل 2018 کے بعد سے تین بار پاکستان کے دورے کیے، جن میں جون 2022 کی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز اور 2018 اور 2021 کی دو ٹی20 انٹرنیشنل سیریز شامل ہیں۔